صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں: ڈپٹی کمشنر اٹک

اٹک: محکمہ صحت سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنراٹک عشرت اللہ خان نیازی نے کی۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اعجازاعون کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں جاری صحت کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر اٹک کو محکمے کے متعلق بر یفنگ دی۔ ڈی سی اٹک نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت ضلع اٹک کو صحت کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔اس کے علاوہ ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میں ڈاکٹرز کی کمی اور دیگر ضروریات کو پو را کر نے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسفندیا ر بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو بھی ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ایچ کیو اور ضلع بھر کے ٹی ایچ کیوز اور مراکزصحت میںآنے والے مر یضوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے۔
