وزیراعظم آفس کے چھٹے فلور پر واقع کیبنٹ بلاک میں آتشزدگی

مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: وزیراعظم آفس کے چھٹے فلور پر واقع کیبنٹ بلاک کے کمرے میں آگ لگ گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آفس کے چھٹے فلور پر کیبنٹ بلاک کے برابر میں واقع کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی بروقت نشاندہی پر کمرے میں موجود اسٹاف نے فوری طور پر کمرہ خالی کردیا۔ آتشزدگی کے واقعے کے فوری بعد وزیراعظم سیکریٹریٹ کو عملے سے خالی کرانے کا عمل شروع کردیا گیا جب کہ آگ بجھانے کے لیے وزیراعظم آفس کے فائر سسٹم سے مدد لی جارہی ہے، اس کے علاوہ واقعے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کیبنٹ بلاک کے کمرے کی انڈر گراؤنڈ وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے باعث آتشزدگی ہوئی، اس کمرے میں کیبنٹ اجلاس کے حوالے سے ڈاکیومینٹیشن کی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ کی شدت زیادہ ہے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ آتشزدگی کے واقعے کے وقت وزیراعظم عمران خان اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔