پاکستان میں ہولناک دن، کورونا سے مزید 22 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 167 ہوگئیں

پاکستان میں ہولناک دن، کورونا سے مزید 22 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 167 ہوگئیں

خیبرپختونخوا میں 10، سندھ میں 8 اور پنجاب میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، ملک میں 670 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 167 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8411 تک پہنچ گئی۔ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں مہلک وائرس سے ہلاکتیں خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب میں رپورٹ ہوئیں۔

خیبرپختونخوا ہلاکتوں میں سب سے آگے
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 10 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے۔انہوں نے کہا کہ پشاور اور سوات میں 4، 4 جبکہ مردان اور ایبٹ آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں  مہلک وائرس سے اموات 60 تک جاپہنچی ہے جو اب تک ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ 

 

سندھ میں مزید 8 افراد جاں بحق
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد کا انتقال ہوا ہے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔صوبہ سندھ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔
پنجاب
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 41 تک جاپہنچی ہے۔ملک میں مزید 22 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 167 تک جاپہنچی ہے جس میں سے خیبرپختونخوا میں 60، سندھ میں 56، پنجاب میں 41، بلوچستان میں 5 ، گلگت میں 3 اور اسلام آباد میں 2 افراد  کا انتقال ہوا ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال
ملک میں اتوار کو کورونا کے مزید 670کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8411 ہوگئی۔