سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے خطے کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے،پاکستان

اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے امریکی جنرل کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنی ناکامیوں پرپاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنا سکتا،افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کی اور پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی گئی، دہشت گرد گروپوں سے متعلق پاکستان کی پالیسی پر سابق امریکی وزیر خارجہ کا بیان ریکارڈ کا حصہ ہے،بھارت کی سول سوسائٹی نے بھی دہشت گرد گروہوں کو استعمال کرنے کا اعتراف کیا ہے،بھارت مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارتی خلاف ورزیوں سے خطے کا امن خطرے میں پڑسکتا ہے ۔جمعرات کواسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف امریکی ہم منصب کی دعوت پر امریکا میں ہیں، امریکی وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات میں افغانستان، پاک بھارت تعلقات پربات ہوئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت مسلسل خطے کے امن کو خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فائرنگ سے اب تک 45 پاکستانی شہری شہید اور 155 زخمی ہوئے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی جنرل ڈن فورڈ کا بیان مسترد کرتے ہیں، افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق پاکستان کی پالیسی پر سابق امریکی وزیر خارجہ کا بیان رکارڈ کا حصہ ہے۔نفیس زکریا نے کہا کہ امریکا اپنی ناکامیوں پرپاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بنا سکتا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کی اور پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی گئی، پاکستان نے اپنے علاقے دہشت گردی سے پاک کیے ہیں۔نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف امریکی ہم منصب کی دعوت پر امریکا میں ہیں، امریکی وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات میں افغانستان، پاک بھارت تعلقات پربات ہوئی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت مسلسل خطے کے امن کو خطرے سے دوچار کر رہا ہے۔
