ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے: ترابی

بریڈفورڈ(صباح نیوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی وسابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے ،8لاکھ قابض بھارتی فوج کالے قوانین کی آڑ میں بچوں ،بوڑھوں اور خواتین پر ظلم کی انتہا کررہی ہے ،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اپنے عزیزوں سے رابطے کرنے کے لیے فون استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں ہے ،ہزاروں گمنام قبروں کے انکشاف کے بعد کوئی گنجائش باقی نہیں کہ ہندوستان کے خلاف کاروائی نہ کی جائے ،بھارت انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دیتا اس لیے کہ وہاں پر ظلم کی انتہا ہو رہی ہے پورا کشمیر ایک کھلی جیل کی صورت اختیار کر چکا ہے ہزاروں نوجوان لاپتہ ہیں ہزاروں کو ماورائے عدالت شہید کیا جا چکا ہے ہزاروں لاپتہ افراد کی بیویاں نہ تو بیوہ ہیں اور نہ ہی ان کے شوہر کا اتاپتہ ہے جو بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلا م چینل کے اینکر پرسن کارل اینڈرول کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے انٹرویو دیتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ 6نومبر 1947ء کو مقبوضہ جموں میں ہندوستانی افواج نے 3لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا اور ان کو پاکستان جانے کاجانسہ دے کر جمع کیا انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے مضافات سے ہزاروں گمنام قبروں کا انکشاف ہو رہا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہندوستانی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے اندر سکولوں کو فوجی چھاونیوں میں تبدیل کیا ہوا ہے رات کے اندھیرے میں کالے قوانین کی آڑ میں کریک ڈائون کر کے بچوں ،خواتین اور بوڑھوں پر تشدد کیا جاتا ہے اور ان کے گھروں سے قیمتی اشیاچوری کر لی جاتی ہیں پیلٹ گنوں جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کو استعمال کیا جا رہا ہے جس سے سینکڑوں بچے اور خواتین بینائی سے محروم ہو چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں ۔
#/S