مقبول بٹ اور افضل گررو تحریک آزادی کے عظیم ہیرو ہیں،لطیف اکبر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدریلطیف اکبر نے کہا ہے کہ شہید مقبول بٹ اور افضل گورو شہید تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما اور ریاست جموں و کشمیر کے ہیرو ہیں جن کی کشمیر کی آزادی کی خاطر قربانیاں لازوال ہیں۔ یہ وہ عظیم سرفروش ہیں جنہوں نے وطن کی آزادی اور کشمیری قوم کو اُن کا حق دلوانے کی خاطر پھانسی کاپھندا تو قبول کر لیالیکن ظالم، جابر اور غاصب بھارتی سامراج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے لیکن غلامی قبول نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پارٹی آفس میں افضل گورو شہید کی برسی کی دعائیہ تقریب کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ شہید مقبول بٹ اور افضل گورہ شہید کی جسد خاکی سرینگر لانے کی اجازت دی جائے تاکہ کشمیری قوم اپنے ان عظیم رہنمائوں کی قربانیوں کو شایانِ شان اور عقیدت و احترام سے اُن کے مزارات پر حاضری دے کر منا سکیں۔ اگرچہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے البتہ بھارت تمام تر اخلاقی، آئینی اور انسانی اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر بدستور قائم ہے اور دونوں شہداء کے جسدخاکی کو تہاڑ جیل سے نکال کر سرینگر میں سپردخاک کرنے کے لئے مسلسل انکاری ہے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اس مطالبے کو تسلیم کرنا تو کُجا سننے کے لئے بھی تیار نہیں ہے۔ انہوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین اور دیگر حریت نمائندوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ ہم یہ اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور سیزفائر لائن پر مظلوم اور نہتے شہریوں پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کر کے اقوام متحدہ کو اُن کی ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دینے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
