ڈاکٹرحبیب الرحمان مسٹ کے دوبارہ وائس چانسلر مقرر
میرپور(بیورورپورٹ) پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن کو میرپور یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کا دوبارہ وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا۔ مورخہ30 اکتوبر2017 ء کو محکمہ سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ یونیورسٹی سینٹ نے اپنے اجلاس مورخہ 11 اکتوبر2017 ء میں انکی تقرری میں توثیق کی سفارش کی تھی۔صدرآزادکشمیروچانسلر مسٹ سردار محمد مسعود خان نے انکی تقرری کی منظوری صادر فرمائی تھی۔ صدر وچانسلر نے ڈاکٹر حبیب الرحمن کی بطور استاد اور وائس چانسلر ان کی خدمات کو سراہا۔ یونیورسٹی سینٹ نے انکی بے مثال خدمات کے اعتراف پر انھیں دوبارہ وائس چانسلر تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔ انھوں نے صدر آزاد جموں و کشمیر چانسلر مسٹ اور وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ، راجہ محمد فاروق حیدر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ان پر اعتماد ان کے لیے اعزاز ہے یونیورسٹی کو مزید ترقی کی راہ پرگامزن کرکے وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انھوں نے سینٹ کے معزز ممبران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری کے لیے سینٹ کی متفقہ سفارشات ان کا منفرد اعزاز ہے۔ شعبہ کیمسٹری میں تدریسی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انھیں کئی اعزازات سے نوازہ ۔ تدریسی و تحقیقی خدمات پر پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی طرف سے آپ کو گولڈ میڈل1999 ء عطا کیا گیا۔ اس کے علاوہ اعلی تدریسی و تحقیقی کارکردگی کی بناء پر آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی طرف سے تمغہ یوم آزادی 14 اگست2000 ء عطا کیاگیا۔ انہیں یونیورسٹی بیسٹ ٹیچر ایوارڈ2001 ء اور 2005 ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔تحقیق کے میدان میں اعلی خدمات کے اعتراف میں سال 2006 میں آپ کو کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان کا فیلو مقرر کیا گیا۔اُنکی غیر معمولی تدریسی و تحقیقی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت پاکستان نے اُنہیں 14اگست2008ء کو'ستارہ امتیاز'سے نوازا۔ میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام اور ترقی میں ڈاکٹر حبیب الرحمن کی خدمات کا سب اعتراف کرتے ہیں۔ یونیورسٹی نے ان کی سربراہی میں بے مثال ترقی کی ہے۔ اساتدہ سٹاف اور طلباء نے امید ظاہر کی ہے کہ یونیورسٹی انکی سربراہی میں مزید ترقی کرے گی۔ ڈاکٹر حبیب الرحمن کی دوبارہ وائس چانسلر تقرری پر خوش ہیں۔ ڈاکٹر حبیب الرحمن اس سے قبل آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ ان کے دور میں جامعہ کشمیر نے مثالی ترقی کی ہے۔ خطہ کے اندر جامعات کے قیام کے عمل میں ڈاکٹر حبیب الرحمن کا کلیدی کردار رہا ہے جن میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ، یونیورسٹی آف کوٹلی اور وویمن یونیورسٹی باغ بھی شامل ہیں۔ اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے موصوف کا کردار سابقہ ادوار میں بھی تسلیم کیا جاتا رہا ہے۔ انھوں نے سینٹ کے ممبران کو یقین دلایا کہ وہ انکی راہنمائی اور مشوروں سے یونیورسٹی کی ترقی کے لیے انتھک محنت اور دیانت سے کام کرتے رہیں گے۔
