بھارت میں بس حادثے میں 36 افراد ہلاک

بھارت کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں بس دریا میں گرنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث مسافر بس بے قابو ہو کر پل کے کناروں پر لگی حفاظتی باڑ توڑتی ہوئی بھائیرو دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اندازے کے مطابق بس میں حادثے کے وقت 50 مسافر سوار تھے اور ہمیں خدشہ ہے کہ کئی شہری بس کی کھڑکیاں ٹوٹنے کے باعث پانی کے بہاؤ میں بہہ گئے ہیں۔

ریسکیو ورکرز کا کہنا ہے کہ جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو بس مکمل طور پر دریا میں ڈوبی ہوئی تھی اور ہلاک ہونے والوں میں 9 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی مغربی راجستھان میں بس دریا میں گرنے سے 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ افراد کچے اور خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔