شہید کشمیری نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تحریک حریت کے وفد کا شوپیان کادورہ
سرینگر31جنوری (کے ایم ایس )
مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پرتحریک حریت کے ایک وفد نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںشہید اور زخمی ہونیولے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے گنوپورہ ،اڈواوردیگر علاقوں کادورہ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد رفیق اویسی کی قیادت میں وفدنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں شاکر احمد میر، سہیل احمد اور جاوید احمد کے علاوہ زخمیوں رئیس احمد، سمیہ ، صبرینہ اور دیگر کے گھر جا کر لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیاجبکہ شہداءکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ عوامی ملاقاتوں کے دوران لوگوں نے وفد کو بتایا کہ بھارتی فورسز نے شوپیان میں ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے لوگوں پر بندوقوں کے دہانے کھول دئے اور اس اندھا دھند فائرنگ میں جاوید احمد اور سہیل احمد موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ رئیس احمد آج (بدھ کو )ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش کے بعد جاں بحق ہو گیا ہے۔ وفد کو لوگوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے گھروں میں گھس کر خواتین کو بھی نہیں بخشا اور جو دوبچیاں اس وقت صورہ ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں وہ کسی بھی احتجاج یا مظاہرے کا حصہ نہیں تھیں، بلکہ اپنے گھروں میں موجود تھیں۔ اُن پر فورسز نے گھروں میںگھس کر انکے سروں پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ انہوںنے بتایا کہ بھارتی پولیس نے اس کے بعد گھروں میں لوٹ مار کی ،زیورات، ٹی وی اور دیگر قیمتی گھریلو سامان کو لوٹا گیا۔ لوگ خوف ودہشت سے سہمے ہوئے ہیں۔ وفد نے کہا پورا علاقہ ماتم کدہ ہے اور شوپیان کا یہ سانحہ ایک منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہے۔ وفد میں اشفاق احمد، مختار احمد، فیصل احمد اور گلزار احمد شامل تھے ۔KMS