ہر عوامی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آرہا ہے، مریم نواز

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہر عوامی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آرہا ہے۔
مانسہرہ میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ 2 دن پہلے لودھراں کی عوامی عدالت نے اپنا فیصلہ دیا ہے اور عوامی عدالت نے نااہل کو اہل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لودھراں کی عوامی عدالت نے عام انتخابات سے پہلے ہی مخالفین کو سزا سنادی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو عوام سے دور رکھنے کی سازش نے نواز شریف سے محبت کو عشق میں بدل دیا ہے اور یہ عشق ہی ہے کہ بار بار ہر عوامی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آرہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف کا مقدمہ عوام نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اب نواز شریف کا فیصلہ عدالتوں نے نہیں بلکہ آپ نے کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر نوازشریف کا رتی برابر بھی قصور ہوتا تو یوں ایک کے بعد ایک عوامی عدالت سے حق میں فیصلہ نہ آرہا ہوتا جس کے بعد اب ’مجھے کیوں نکالا‘ کا مذاق بنانے والے خود آج کہتے ہوں گے نواز شریف کو کیوں نکالا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کہتے ہو نواز شریف ملک کے اندر نہيں آسکتا تو کبھی کہتے ہو باہر نہیں جاسکتا اور پہلے سات سال نواز شریف کو باہر رکھا لیکن اب کہتے ہو باہر نہیں جاسکتا-
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہيں، فکر نہ کرو ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں اور نواز شریف اور بچے یہیں رہیں گے
