تم جتنا ظلم کرو گے، عوام اتنا ہی (ن) لیگ کا ساتھ دیں گے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام پوری طرح سے محسوس کررہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف بالکل صحیح ہے۔

احتساب عدالت میں مختصر پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارے امیدوار سے شیر کا نشان بھی چھین لیا گیا اور کل سرگودھا میں بھی ہمارے امیدوار نے کسی اور نشان پر الیکشن لڑا اور کامیاب ہوا، کیا نشان چھینے سے یہ ہمارا نشان مٹا دیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ تم جتنا ظلم کرو گے، عوام اتنا ہی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے، عوام محسوس کررہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف بالکل صحیح ہے اور اب میں نہیں کہتا، عوام کہتی ہے ووٹ کو عزت دو۔

نواز شریف نے کہا کہ بغیر کسی وجہ کے وزیراعظم کو باہر نکال کر پھینک دیا گیا، منتخب وزیراعظم کو اس طرح سے نکال کر باہر پھیکنا عوام اب برداشت نہیں کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو ظلم برداشت کرتا رہتا ہے اور ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا، وہ سب سے بڑا ظالم ہے، ہم نے غلط کو کہنا اور صحیح کو کہنا ہے، ملک کے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں کی طرح نہیں گزرنے چاہئیں۔

سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں جہاں پیسہ چلا اور ووٹ خریدے، اس کا حساب کتاب ہونا چاہیے، جس کا ایک رکن بھی صوبے میں نہ ہو  وہاں امیدوار کھڑا کرے، یہیں سے دھاندلی لگتی ہے جب کہ ہمارے سینیٹرز نے نشان کے بغیر الیکشن لڑا ۔