ہرضلع میں یونیورسٹیاں بنا کر نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرینگے،شاہ غلام قادر

میرپور(بیورورپورٹ)آزادجموںوکشمیرقانون سازاسمبلی کے سپیکرشاہ غلام قادرنے کہاہے کہ حکومت آزادکشمیر تعلیم کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے۔ آزادکشمیر کے ہراضلا ع تک یونیورسٹیاں یایونیورسٹی کیمپس بناکرنوجوان نسل کواعلیٰ تعلیم کے حصول کی سہولیات بہم پہنچائیں گے۔ دنیامیں جتنی بھی علوم وفنون میں ترقی ہوئی ہیں وہ مسلمانوںکی ایجاد کردہ ہیں۔مغرب کی ترقی بھی اسلامی علوم وفنون کے باعث ہوئی ہے مسلمان اسلامی اقدار کو مذید پروان چڑھانے اور بین الاقوامی چیلنجوں کامقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا راستہ اختیار کریں۔جو قو م اور معا شرہ اساتذہ کی عزت واحترام نہیں کرتے وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتے۔ یونیورسٹی کی سطح پردورحاضرکے چیلنجوں کوسامنے رکھتے ہوئے تعلیمی اہداف مقرر کیے جائیں اور طلباء وطالبا ت کی تعلیم وتربیت بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی جائے۔نوجوان نسل میںاعلیٰ تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ ان میں صحت مندانہ سرگرمیوں کوفروغ دیاجائے۔ مسٹ یونیورسٹی تعلیم اور سپورٹس کے میدا ن میںجوموثررول اداکررہی ہے اس میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرحبیب الرحمن کابڑااہم رول ہے۔ سپورٹس سرگرمیوں سے صحت مند معاشرے تشکیل پاتے ہیں اور ایک دوسرے کوبرداشت کرنے کاموقع ملتاہے۔ ہارجیت کھیل کاحصہ ہے جس نے ہارنانہیں سیکھاوہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔کھیلوں کے مقابلوں میںہارنے اور جیتنے والے دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی میں سالانہ سپورٹس کے مقابلہ جات کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پروائس چانسلرمسٹ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن، ڈائریکٹرسپورٹس عابدحسین، ڈائریکٹرسٹوڈنٹ آفیئرشاہدامین نے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب میں ڈپٹی کمشنرانصریعقوب، ایس ایس پی سید ریاض حیدربخاری، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹرریحانہ اصغر، رجسٹرار مسٹ پروفیسر وارث جرال، پروفیسرڈاکٹر مشتاق احمدملک، پروفیسر ڈاکٹرمحمدخلیق چوہدری، پروفیسرڈاکٹرریاض مغل، مرزا شبیر احمد، ظفراقبال، ڈاکٹرراشدہ، ڈاکٹرتحسین غوث، ڈاکٹرامتیاز حسین، راجہ محمدایوب خان کے علاوہ طلباء وطالبات اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرسپیکراسمبلی شاہ غلام قادرنے مسٹ یونیورسٹی کے زیراہتمام مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔
سپیکراسمبلی شاہ غلام قادرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے اساتذہ کی بھرتی کے لیے این ٹی ایس کانفاذ عمل میں لایاہے جس سے اہل اور قابل نوجوانوں کونوکریاں مل رہی ہیں۔ اساتذہ کی بھرتی کے سلسلے میں اب حکومت پرکوئی پریشرنہیں ہے اور نہ ہی کوئی نوجوان ناراض ہے۔ انھوں نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ ہماری کوتاہیوں سے سبق سیکھیں اور قوم وملک کوآگے بڑھانے کے لیے مستقبل کے چیلنجوں کامقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کوتیاررکھیں۔ یونیورسٹیاں ملک اور ملت کی تعمیروترقی میں اہم رول اداکرتی ہیں اس لیے طلباء وطالبات کوبین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے موجودہ حکومت نظام تعلیم میں مزیداصلاحات لارہی ہے۔ پرائمری اساتذہ کے لیے بی اے ، بی ایڈ تعلیم رکھی گئی ہے۔ آئندہ چند سالوں میں پرائمری اساتذہ کے لیے ماسٹرڈگری کی تعلیم ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آج ترکی تعلیمی میدان میں ترقی کرنے کے باعث دنیاکے بیسویں نمبرپرہے ،ترکی اورپاکستانی کی تہذیب وثقافت بھی کافی حد تک مشترک ہے۔ انھوںنے طلباء وطالبات پرزوردیاکہ وہ دورجدید کے تقاضوں کوسامنے رکھتے ہوئے تعلیم کے حصول کے لیے مزیدمحنت اور کوشش جاری رکھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن نے کہاکہ مسٹ یونیورسٹی حکومت اور عوام کی توقعات پرپورااتررہی ہے ،اس وقت یونیورسٹی کارزلٹ 91.25 فیصد ہے یونیورسٹی کے رزلٹ اور معیار میں میں مزید بہتری لائی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ دورجدیدکے تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات صحت مندسرگرمیوں کے فروغ کے لیے ان ڈوراور آئوٹ ڈورکھیلوں کی سہولیات ومراعات حاصل ہیں۔ پاکستان بھرکی جامعات میں مسٹ یونیورسٹی کی طرف سے مختلف کھیلوں کے انعقاد میں شرکت اور مختلف سپورٹس ایونٹس کے جیتنے پرجہاں طلباء وطالبات کھلاڑیوں نے جیت حاصل کی ہے وہاں انھوں نے مسٹ کانام روشن کیاہے۔ انھوں نے کہاکہ سپورٹس کوسائنسز کی طرز پرپروموٹ کیاجاناچاہیے۔ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے مثبت صحت مندانہ سرگرمیاں سے ایک دوسرے کوبرداشت کرنے اور ایک دوسرے کی حیثیت کوتسلیم کرنے کادرس ملتاہے اور مقابلے کارجحان پیداہوتاہے۔ انھوں نے مسٹ یونیورسٹی کے شعبہ سپورٹس کی کارکردگی کوزبردست الفاظ میں سراہااور کھلاڑیوں کومبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرسپورٹس عابد حسین نے یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کے لیے کھیلوں کی جملہ سہولیات ومراعات فراہم کرنے ،کھیلوں کے میدان میں بہتری لانے کے لیے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمن کی شعبہ سپورٹس سے گہری دلچسپی پران کاشکریہ اداکیا ۔انھوں نے بتایاکہ یونیورسٹی کی سطح پرمختلف کھیلوں کے مقابلہ جات میں یونیورسٹی کے تمام ڈیپارٹمنٹس اور طلباء وطالبات نے بھرپورشرکت کی ہے۔ انھوں نے کہاکہ جوافراد روزانہ معمول کی واک اور ورزش کرتے ہیں اور کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں ان کے جسم سے بیماریاں ہمیشہ دوررہتی ہیں۔
