پاک فوج کی تکریم لازم ہے،کسی کو بدامنی پھیلانے نہیں دینگے،فاروق حیدر

میرپور(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ لائن آف کنٹرول پرہندوستانی فائرنگ سے متاثرہونے والوں کادکھ میرادکھ ہے۔ان کے مسائل ومشکلات سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ انھیں کسی صورت اکیلانہیں چھوڑیں گے۔ حکومت کے تمام وسائل ان کے لیے حاضرہیںجو اپنے گھرکومورچہ بنائے ہوئے ہندوستانی جارحیت کامقابلہ کررہے ہیں۔حکومت لائن آف کنٹرول پربسنے والوں کے لیے ایک بڑاپیکج لارہی ہے جس میں ان کی حفاظت اور ان کے گھرکی دہلیز پربنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔پاک فوج کے شانہ بشانہ آزادکشمیرکے شہری اور حکومت ہندوستانی عزائم اور جارحیت کاڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔ سیز فائرلائن پربسنے والے پاکستان کامضبوط دفاعی حصارہیں ،سیز فائرلائن کے مکینوں کے لیے بنکربنائیں گے ۔ایل او سی کے متاثرین کے لیے صحت کی تمام سہولیات اورایمبولینسزفراہم کریں گے جبکہ متاثرین کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کارلائے گی اور انھیں تمام سہولیات ومراعات فراہم کرے گی۔ کشمیرکونسل کاخاتمہ اور ایکٹ 1974 میں ترامیم کرکے حکومت آزادکشمیرکو باوقا راور بااختیار بنائیں گے۔میرپوراورمظفرآباد آزادکشمیرکے بڑے شہرہیں۔میرپورکومسائلستان بنانے میں میرپورکے سیاسی اکابرین کابڑاہاتھ ہے۔ میرپورکے جملہ مسائل حل کریں گے۔ میرپوربین الاقوامی نوعیت اور اوورسیز کاشہرہے یہاںٹورازم کوفروغ دیں گے،آزادکشمیرمیں سیاحت کے فروغ کے لیے 10 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔سی پیک منصوبہ کے تحت میرپورمیں صنعتی زون قائم کیاجائے گااسی سال دسمبرتک میرپور کی تمام بڑی سڑکوں کوپختہ کردیاجائے گا۔ان خیالات کااظہار انھوں نے آزاد جموںوکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر محمدظفیربابا کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے آزاد جموںوکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر محمدظفیربابا ، صدرکشمیرپریس کلب سید عابد حسین شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پرممبراسمبلی چوہدری رخسار احمد، ڈائریکٹرجنرل ایم ڈی اے چوہدری اعجازرضا، سابق امیدوار اسمبلی نذیرانقلابی، وزیراعظم کے میڈیا کنسلٹنٹ رانا شبیر راجوروی، ڈپٹی کمشنرانصریعقوب، ایس ایس پی سیدریاض حیدربخاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ محمدفاروق اکرم خان کے علاوہ صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ بھارت ایل او سی پرآئے روز فائرنگ کرکے نہتے کشمیریوں پرگولہ باری کررہاہے۔ انھوں نے کہاکہ ایل او سی پربسنے والے پاکستان کے بلامعاوضہ سپاہی ہیںجووطن عزیزکے لیے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ایل او سی پربہنے والے خون کادرد مجھ سے زیادہ کون جانتاہے ۔آزادکشمیرمیں کسی کوغیرآئینی اقدامات کرکے بدامنی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ افواج پاکستان ہمارادفاع کررہی ہے۔افواج پاکستان کی عزت وتکریم پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔ پاکستانی فوج بھارتی درندگی کاجواب ان کے مورچوں پردیتی ہے چونکہ اس طرف بھی ہمارے بھائی آباد ہیں۔ انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی سے شہید ہونے والوں کو پاکستانی پرچم میں دفن کیاجاتاہے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیرکونسل ہمارے ٹیکس سے چلتی ہے ۔ کشمیری ازل سے پاکستانی ہیں کشمیرکونسل کے خاتمے سے کشمیراور پاکستان کارابطہ مزیدمضبوط ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ پراپرٹی ٹیکس سابقہ حکومت نے لگائے تھے اس کو ایگزیکٹوآرڈرکے ذریعے ختم نہیں کیاجاسکتا۔ پراپرٹی ٹیکس ختم کرنے کے لیے اسمبلی کاہی فورم موجود ہے۔ وزیرحکومت چوہدری محمدسعید کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے نام نہاد تعلیمی پیکج کے ذریعے معیارتعلیم کوگرایا۔ موجودہ حکومت نے آتے ہی آزادکشمیرمیں کوانٹٹی کے بجائے کوالٹی پرزوردیاہے۔این ٹی ایس کانفاذ ایک بڑامشکل فیصلہ تھاجوہم نے کردکھایاہے۔انھوں نے کہاکہ سابقہ پیپلز پارٹی کے دور میںپبلک سروس کے ممبران کی تعیناتیاں اور بھرتیاںبلاول ہائوس سے ہوتی تھیں ،ہم نے غیرجانبدار پبلک سروس کمیشن قائم کیاہے جس میں حکومت کی طر ف سے کوئی مداخلت نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ میری کوشش ہے کہ نظام حکومت میں بہتری لائی جائے اور لوگوں کے جائز اور جنون مسائل ان کی دہلیز پرحل ہوں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ میرپوراورراولاکوٹ سے احتساب بیوروکے دفاتربلیک میلنگ کے دھڑے بند کرنے کی خاطر منتقل کیے گئے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیربھرکے صحافیوں کے جملہ مسائل ومعاملات کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد کریں گے اور صحافیوں کے مسائل حل کریں گے۔