تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنیوالوں نےمسائل میں اضافہ کیا: شیخ آفتاب احمد

اٹک : قائد مسلم لیگ ( ن ) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پر ملک بھر سے پارٹی کی مرکزی قیادت عدالت میں موجود رہی
سماعت کے موقع پر سابق وفاقی وزراء جن میں اٹک سے مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد ، سیالکوٹ سے خواجہ آصف ، اسلام آباد سے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور راولپنڈی سے مریم اورنگزیب ، سابق ایم این اے انجم عقیل ، معروف قانون دان ملک صدیق اعوان اور محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر شیخ آفتاب احمد سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت نے وطن عزیز کی موجودہ معاشی ، سیاسی ، اقتصادی صورتحال اور خطے میں پاکستان کے کردار اور پڑوسی ممالک کے ساتھ جاری تعلقات پاک بھارت کشیدگی ، مہنگائی ، بے روزگاری ، سی پیک سمیت ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کی بندش اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کے دور حکومت کو عوام آج ان کے مضبوط ، معاشی اور اقتصادی فیصلوں کے سبب سنہرا دور قرار دے رہے ہیں تحریک انصاف تبدیلی کا نام لے کر اقتدار میں آئی اور زندگی کے ہر شعبہَ اور مکتبہ فکر کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ جہاں سے واپسی کے تمام راستے مسدود ہو جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام کے حقیقی ووٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہوا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آ جائے گا ۔
