اٹک ،ن لیگی سابق کونسلر تحریک انصاف کے قافلے میں شامل 

اٹک ،ن لیگی سابق کونسلر تحریک انصاف کے قافلے میں شامل 

اٹک(ڈیلی اٹک نیوز) آمدہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سابق کونسلرز کی سابق ممبر صوبائی اسمبلی پاکستان تحریکِ انصاف سید اعجاز حسین بخاری کی مکمل حمایت کا اعلان۔

تن من دھن کی بازی لگا کر اعجاز بخاری کا ساتھ دینے کا عزم، اعجاز بخاری جس امیدوار کی حمایت کریں گے اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پچھلے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے سابق کونسلران شیخ وحید اور محمد اسلم نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی پاکستان تحریکِ انصاف سید اعجاز حسین بخاری  اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کونسلران کا کہنا تھا کہ حلقہ میں ترقیاتی کام اولین ترجیح ہے۔ ہمارا تن من دھن اعجاز بخاری کے ساتھ ہے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

 

 اعجاز بخاری کے روحِ رواں محمود شاہ کے گھر شمولیت کے موقع پر اعجاز بخاری نے ترقیاتی کاموں کے لیے آنے والی گرانٹ میں سے ان کے حلقے کے ترقیاتی کاموں کے لیے 60لاکھ روپے مختص کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ شیخ وحید اور محمد اسلم نے اعجاز بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ جس امیدوار کو نامزد کریں گے ہم ان کی کامیابی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ 

 

علاوہ ازیں دوسری طرف ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ن لیگ چھوڑی ہے اور نہ پی ٹی آئی جوائن کی ہے،اٹک میں ہمارے قائد شیخ آفتاب احمد ہیں اور ان کے ہم پر بہت احسانات ہیں مسلم لیگ ن کو چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ان خیالات کا اظہار سابق کونسلر ایم سی اٹک ملک محمد اسلم اعوان اور سابق کونسلر شیخ عبدالوحید نے ویڈیو کے ذریعے اپنے تردیدی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ملاقات کو غلط رنگ دیا گیا۔ ہم ن لیگی ہیں اور ن لیگی رہیں گے۔ اس بارے چلنے والی خبریں پروپیگنڈہ اور بے بنیاد ہیں۔ ہمارے قائد سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمدہیں اور وہ ہی رہیں گے۔ ایک ملاقات کو غلط رنگ دیا گیا۔