سردار عتیق آمریت کی پیداوار ہیں،جمہوریت انہیں راس نہیں،افتخار ایوب

دھیرکوٹ(تحصیل رپورٹر) سابق امیدواراسمبلی و مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدرراجہ افتخارایوب نے کہا ہے کہ سردار عتیق کو جب اقتدار کی بھڑاس اُٹھتی ہے تو انہیں ملٹری ڈیموکریسی یاد آجاتی ہے، سردارعتیق آمریت کی پیداوار ہیں ،جمہوریت انہیں کسی صورت راس نہیں،سردارعتیق مسلم کانفرنس کو صفحہ ہستی سے مٹا چکے ہیں اور اب وہ مسلم لیگ ن کوصفحہ ہستی سے مٹانے کی باتیں کررہے ہیں۔ آزادکشمیرمیں راجہ فاروق حیدرنے گڈگوررننس اورمیرٹ کی بنیادرکھ کر اقتدارکے پجاری سیاست دانوں کیلئے اقتدارکے تمام راستے بندکردیئے ہیں، کرپشن اورسفارشی کلچرکو جڑ سے اکھاڑ پھینک کر محکمہ تعلیم اوردیگراداروںمیں شاندار روایات قائم کردی ہیں، میاں محمدنوازشریف اور اس کے خاندان کے خلاف ہونے والی کارروائیاں احتساب کے نام پر انتقام ہے، ہم شریف خاندان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ کھلے دل کیساتھ عدالتوں کاسامناکررہے ہیں اورجمہوریت کی جنگ لڑرہے ہیں ،کچھ سازشی عناصر کی خواہش ہے کہ فوج اورحکومت کے درمیان محاذ آرائی ہولیکن یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ پوری قوم افواج پاکستان کو ماتھے کاجھومرسمجھتی ہے۔ فوج کے خودساختہ ترجمان بننے والے سردارعتیق، عمران اورشیخ رشیدکو یہ یادرکھناچاہیے کہ جمہوریت کی گاڑی اگر پٹڑی سے اترگئی تو ان کے ہاتھ کچھ نہیں ہوگا۔ پوری قوم میاں محمدنوازشریف پرہی اعتماد کرسکتی ہے،میاں نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کے علاوہ معاشی دھماکہ،دہشت گردی سے خلاصی،سی پیک منصوبہ، بیروزگاری میں کمی ،لوڈشیڈنگ کاخاتمہ اورپیدوارمیں مسلسل اضافہ قوم کیلئے تحفہ ہے جس کا صلہ انہیں 2018ء کے الیکشن میں ملنے جارہاہے ،سردارعتیق بڑھکیں مارکردل کی بھڑاس تونکال سکتے ہیں یہ اقتدار کیلئے ان کا نشہ ہمیشہ کیلئے نشہ ہی رہیگا ،اقتداران کی پہنچ سے دورجاچکاہے، مسلم لیگ ن کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی باتیں انہیں زیب نہیں دیتیں، مسلم لیگ ن خالق پاکستان قائداعظم محمدجناح کی جماعت ہے اورمیاں نوازشریف قائداعظم کے جانشین ہیں۔