چیف جسٹس ہائیکورٹ کا دورہ بھمبر،غیر حاضری پر ماتحت ججز معطل

میرپور/بھمبر(نمائندگان کشمیر ٹائمز) آزاد جموں و کشمیر عدالت العالیہ و شریعت کورٹ کے چیف جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی نے ہفتہ کے روزاچانک ڈسٹرکٹ کورٹس بھمبر کا دورہ کیا ۔ دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ و سیشن جج بھمبر سردار امجد اسحاق ، سینئر سول جج راشد افتخار ہاشمی اور ناظر عدالت سینئر سول جج بھمبر امجد حسین کوبدوں منظوری رخصت ایک یوم مورخہ28 اکتوبر کو غیر حاضری کی پاداش میں فوری طور پر ملازمت سے معطل کر دیا ۔بعد ازاں چیف جسٹس ہائی کورٹ و شریعت کورٹ جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی نے بھمبر کی ماتحت عدالتوں کا بھی معائنہ کیا ۔معائنہ کے دوران عدالتوں میں روز مرہ کے معاملات اور دفتری امور میں نظم ونسق کے فقدان کا بھی نوٹس لیا ۔انہوں نے ماتحت ججز اور عملہ کو ہدایات دیں کہ لوگوں کو انصاف دینے والے اداروں میںخود بے قاعدگیاں اور نظم ونسق کا فقدان ہوگا تو پھر انصاف کے حصول کے لئے عدالتوں میں آنے والے کیا توقع رکھیں گے ۔عدالتی کیسز کی فہرستیں صحیح طریقے سے مرتب ہونے چائیں اور نوٹس بورڈ پر آویزاں ہونی چاہیے ۔عدالتی نظام میںفرائض میں غفلت اور لاپروائی کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا ۔جناب چیف جسٹس ہائی کورٹ و شریعت کورٹ جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی کے دورہ بھمبر کے موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر اور بھمبر کے وکلاء نے بھی ان سے ملاقات کیں اور ان کی اچانک بھمبر جوڈیشل کمپلیکس کے دورہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس اقدام سے انصاف کے حصول میں مذید بہتری آئی گی اور لوگوں کو بھی ریلیف ملے گا۔