پلوامہ، ترال اور ہندوارہ کے دیہات میں بھارتی فوج کا محاصرہ،6افراد گرفتار
سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے پلوامہ، ترال اور ہندوارہ قصبے کے درجن بھر دیہات کو بھارتی فوج نے محاصرے میں لے لیا ہے ۔ کریک ڈائون کرتے ہوئے نصف درجن سے زیادہ فراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی حریت رہنما مختار احمد وازہ ،حریت کانفرنس کے ترجمان غلام احمد گلزار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حاجن میں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔کریم آباد پلوامہ میں شبانہ کریک ڈائون کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی بھاری تعداد نے کریم آبادگائوں کو محاصرے میں لیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز اہلکار دیواریں پھلانگ کر رہائشی مکانوں کے صحنوں میں داخل ہوئے۔اس دوران کئی گھروں پر چھاپے ڈالے گئے جو رات کے دو بجے تک جاری رہے۔کئی گھنٹوں کی تلاشی کے بعد فورسز اہلکاروںنے بغیر کسی اشتعال کے گھروں میں گھس کر نہ صرف لوگوں کی بلا لحاظ عمر و جنس شدید مارپیٹ کی بلکہ تعمیرات اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی ۔اس دوران حزب المجاہدین کے نصیر احمد پنڈت کے افراد کنبہ کا زدوکوب بھی کیا گیا۔اس موقعہ پر مقامی مردوزن نے گھروں سے باہر آکر مزاحمت کی جبکہ دوسری جانب مسجد کے لائوڈ اسپیکر سے اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بلند ہوئے۔ مظاہرین نے کئی اطراف سے فورسز پر پتھرائو شروع کیا جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور ٹیر گیس شیلنگ کی گئی اور سائونڈ شیل داغے گئے ۔مظاہرین کے خلاف کارروائی کے دوران نصیر پنڈت کے دو بھائی بابر اور ظہور کے علاوہ رافع عبداللہ، زبیر الاسلام اور معراج الدین شیخ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ بانڈی پورہ کے سعید محلہ میں حاجن کے ہی ژندر گیر علاقے میں بھی شابہ محاصرہ اور تلاشیوں کا آپریشن شروع کیا گیا جنوبی قصبے ترال کے آری پل تحصیل کے 7 دیہات کا فوج نے بیک وقت محاصرہ کیا ۔آری پل تحصیل کے تحت آنے والے آری پل،ستورہ،ڈار گنائی گنڈ،ہندورہ وغیرہ علاقوں کو فوج اور دیگر فورسز ایجنسیوں نے مشترکہ طور محاسرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی ۔ سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ کی رہائی کے بعد ایک بار پھر ان کو گرفتار کرکے تھانہ صدراسلام آباد میں بند کر دیا گیاکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان غلام احمد گلزار کو صبح پولیس نے گرفتار کرکے تھانہ شیر گھڑی میں بند کردیا ہے، جبکہ حریت کارکن عمر عادل ڈار، محمد یٰسین عطائی اور سید امتیاز حیدر کو بھی پولیس نے گرفتار کرکے تھانہ نوگام اور بڈگام میں بند کردیا۔حریت راہنما محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا گزشتہ ایک ہفتہ سے بدستور اپنے گھروں میں نظربند ہیں، جبکہ تحریک حریت کے ایک اور بزرگ راہنما شاہ ولی محمد کو بھی تھانہ سوپور میں بدستور نظربند رکھا گیا ہے۔
