گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے، مریم نواز

راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ چھپ کر وار کرنے والے گیدڑ ہوتے ہیں اور گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے۔
راولپنڈی کے فوارہ چوک پر جلسہ نما ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کی نواز شریف سے محبت میں شدت کی وجہ پتہ ہے، مجھے معلوم ہے آپ کو غصہ ہے اور جو آپ کے لیڈر کے ساتھ کیا گیا اس کا دکھ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے، شیروں کا مقابلہ جوتوں سے نہیں ہو سکتا اور گیدڑوں کے بزدلانہ وار کو سینے پر لینے والا نواز شریف ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نا آپ کا لیڈر دھرنوں سے پیچھے ہٹا اور نا سازشوں سے تاہم اب مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں پر تب ہی اترتے ہیں جب دلیل ختم ہوجاتی ہے، یاد رکھنا دشمن ہار مان چکا ہے۔
عمران خان کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک مذمتی بیان دینے سے سمجھتے ہو کہ لوگ تمہیں معاف کردیں گے، تم نے 4 سال شرمناک کلچر پروموٹ کیا، کس نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس سے انہیں گردن سے پکڑ کے باہر نکالو۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اس انسان کا نام لینے کی ضرورت نہیں اور وہ لیڈر کہلانے کا حقدار نہیں ہے جس کی سوچ، زبان اور فیصلے اپنے نا ہوں۔
