جنڈ :پنجاب حکومت کی طرف سے کوٹ چھجی میں بننے والا سٹیڈیم تعمیر کے مرحلے میں ہی ٹوٹ پھوٹ شکار

اسلام آباد (صدیق فخر سے) سابق پنجاب حکومت کی طرف سے تحصیل جنڈ کوٹ چھجی کو دیا جانے والا تحفہ سٹیڈیم تعمیر کے مرحلے میں ہی ٹوٹ پھوٹ اور تعمیر میں سست روی کا شکار، نکاسی آب کے پائپ ٹوٹ گئے جب کہ دیوار کے ساتھ بنیادوں پر بھی نکاسی آب کا انتظام صحیح نہ ہونے کی وجہ سے گڑھے پڑ گئے، اہلیان علاقہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ پنجاب حکومت کی طرف سے تحصیل جنڈ کے نوجوانوں کو دیا جانے والا تحفہ کوٹ چھجی سٹیڈیم تعمیر کے ابتدائی مرحلے میں ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نکاسی آب کے پائپ ٹوٹ چکے ہیں جبکہ نکاسی آب کا انتظام صحیح نہ ہونے کی وجہ سے دیواروں کی بنیادوں کے ساتھ ہی بارش کے پانی کے بہاﺅ کی وجہ سے گڑھے بن چکے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے ڈی سی او اٹک و دیگر حکومتی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سٹیڈیم کا معائنہ کیا جائے تاکہ قومی خزانے سے لگنے والے کروڑوں روپے کل ضائع نہ ہو جائیں اور بہتر تعمیر ہو سکے۔ ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال سٹیڈیم کی تعمیر سست روی کا شکار ہے اگر یہی صورت حال رہی تو اگلے پانچ سالوں میں بھی سٹیڈیم کی تعمیر مکمل ہونا ناممکن نظر آ رہی ہے۔