حسن ابدال: ڈرائیور کی غفلت حادثات کی بڑی وجہ بنتی ہے:ایس ایس پی موٹروے

حسن ابدال :12لاکھ سے زائد افراد ہر سال دنیا بھر میں حادثات کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں۔ ڈرائیور کی غفلت حادثات کی بڑی وجہ بنتی ہے۔ تیز رفتاری اور قوانین کی پابندی نہ کرنا انسانی جانوں کے ضائع ہونے کا سبب بنتا ہے۔ نوجوان آگے بڑھیں اور قوانین کی پاسداری کو اپنی عادت بنالیں۔ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی موٹر وے اصغر علی یوسف زئی نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں روڈ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں ڈپٹی وائس پرنسپل کیڈٹ کالج نورالاسلام۔ ڈی ایس پی موٹروے محمد یونس خان۔انسپکڑر آصف خٹک۔انسپیکٹر نیر خان۔ پیٹرولنگ آفیسر عبدالستار سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ اور کیڈٹس موجود تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی اصغر علی یوسف زئی نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد حادثات کے باعث رزق زمین بن جاتے ہیں اور اس کی بڑی وجہ ڈرائیور کی غفلت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی سے انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے فرینڈلی پولیسنگ کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کیا اور آج دنیا بھر میں موٹروے پولیس پاکستان کا مثبت چہرہ بن کر سامنے آئی ہے اور پوری دنیا اسے کرپشن فری اور عوام دوست ادارے کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو قوانین پر عملدرآمد کروانا ہے نہ کہ انہیں جرمانہ کرنا ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے سکولوں کالجوں اور دیگر اداروں میں روڈ سیفٹی سیمنار منعقد کیے جاتے ہیں جس کا مقصد عوام میں قوانین کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ سیمینار میں انسپیکٹر آصف خٹک کی جانب سے ٹریفک قوانین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اوورسپیڈنگ اور دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال کو ترک کردیں جبکہ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال ضرور کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ٹریفک قوانین اور موٹروے پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ اس موقع پر کیڈٹس کی جانب جانب سے مختلف سوالات بھی کیے گئے جن کا موٹروے افسران کی جانب سے تسلی بخش جواب دیا گیا۔