بھارتی قابض فورسز کا کشمیری نوجوانوں کیخلاف کریک ڈائون،10گرفتار

سرینگر(کے پی ائی )مقبوضہ کشمیر متیں سنگبازی میں ملوث نوجوانوں کے خلاف شبانہ کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے کاکا پورہ پلوامہ میں فورسز نے کئی گھروں پر چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے ایک درجن کے قریب نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی جن پر یہ الزام عائد ہے کہ وہ سنگبازی کے واقعات میں ملوث ہیں۔ پلوامہ میں امن و امان کی صورتحال میں رخنہ ڈالنے والوں اور سنگبازی میں مبینہ طور ملوث نوجوانوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے فورسز نے کاکا پورہ علاقے میں چھاپہ مار کاررائیاں انجام دیں۔گھر گھر کی تلاشی عمل میںلائی گئی جس دوران انہوں نے سنگبازی میں مبینہ طور ملوث نوجوانوں کی شناخت کرکے انکی گرفتاری عمل میں لائی۔معلوم ہوا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قریب 10نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن پر یہ الزام ہے کہ وہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو درہم برہم کرنے میں ملوث ہیں۔ بھارتی پولیس کے ایک سنیئر افسر نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے  بتایا کہ گرفتار کئے گئے نوجوان علاقے میں سنگبازی کے واقعات میںملوث تھے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع پلوامہ میں کسی کو بھی امن و قانون کی صورتحال کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور جو بھی ایسی کارروائیوں میں ملوث پایا جائے گا ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی