ظلم بہت ہو گیا،بھارت کو اب کشمیر پر بات کرنا ہو گی،فاروق حیدر

مظفرآباد(وقائع نگار)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں اور امنگوں کا مرکز ہے ،کشمیری پاکستان کو اپنی منزل سمجھتے ہیں ۔کشمیری پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں ۔میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بین الاقوامی فورمز پرکشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کا حق اد اکیا ہے جس پر پوری کشمیری قوم ان کی شکرگزار ہے ۔ کشمیریوں نے الحاق پاکستان کیلئے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں ۔پاکستان کی ساری سیاسی قیادت قابل احترام ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ساری قومی قیادت کا متحد ہونا ناگزیر ہے ۔دشمن کی سازشوں کا متحد ہو کر ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ بھارت کو اب کشمیر پر بات کرنا ہوگی اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خودارادیت دینے کیلئے سنجیدگی کا مظاہر ہ کرناہوگا۔ یوم یکجہتی کشمیر کا دن کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی قوم کی محبت اور عقیدت کی تجدید کا دن ہے۔یوم یکجہتی کشمیر پاکستانی اور کشمیری قوم کے اتحاد و یکجہتی کا متقاضی ہے۔ آج کے دن قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کاخصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے ترقیاتی بجٹ میں دوگنا اضافہ کر کے آزاد خطہ کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کر دیا۔ آزاد جموں وکشمیر اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہی ہے ۔محمد نواز شریف کے شکرگزار ہیں کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کیلئے جانے سے پہلے مظفرآباد آکر کشمیریوں کا موقف لیا اور اسی موقف کو دوٹوک انداز میں عالمی دنیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ مہاجرین جموں وکشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیری پاکستان کے سفیر ہیں اور وہ پاکستان کی معیشت کی مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم پاکستان ہمار ے تمام مسائل حل کرینگے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج گزشتہ ستر برسوں سے جس طرح کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے دنیا میں کہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی تحریک مزاحمت کے سامنے بے بس قابض فوج کے شر سے لائن آف کنٹرول کے معصوم عوام بھی محفوظ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام کی سازشوں میں ملوث ہے ایسے وقت میں ساری سیاسی قیادت کو متحد ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔ دشمن اس طاق میں ہے کہ وہ اسے مزید کمزور کرے ۔ہم یکجہتی سے ہی دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنا سکتے ہیں ۔