جنوبی باغ میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو، نظام زندگی مفلوج

ریڑہ (نامہ نگار) جنوبی باغ میں محکمہ برقیات کی طویل ترین لوڈشیڈنگ، کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث طلباء و طالبات سمیت عوام الناس سراپا احتجاج، دن کے اوقات کے علاوہ رات گیارہ بجے سے صبح چھ بجے تک بجلی بند رہتی ہے، جبکہ عوام کو الٹا بوگس بجلی بلات کا بار بھی  برداشت کرنا پڑتا ہے، سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات  کے امتحانات سر پر ہیں اور محکمہ برقیات  کی لوڈشیڈنگ کارستانیاں عروج پر۔ ان خیالات کا اظہار جنوبی باغ  کے مواضعات گہل سیداں، موہری فرمان شاہ، ہمہ موہڑہ، گہل چھپڑیاں، شجاع آباد، کوٹھیاں، تلکیر، سنگھڑ، باڈیار بیسارہ، سرسیداں، دکھن سیداں اور پدر سیداں کے علاوہ دیگر گاؤں کے نمائیندوں   کے ایک وفدنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  وفد سے سید  غیور حسین شاہ، سید عبدالرزاق شاہ، ابرار حسین شاہ، اویس گردیزی، سردار آصف خان، توصیف گردیزی، نزیر خان، عجب شاہ، توصیف نصیر آبادی، راجہ نعیم، راجہ اعجاز خان اور دیگر نے گفتگو کی۔ مقررین نے کہا کہ حلقہ وسطی باغ   میں جنوبی باغ کے گاؤں میں طویل ترین لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے رات گیارہ بجے سے  صبح چھ بجے تک عوام تاریکی میں ڈوبے رہتے ہیں جبکہ محکمہ برقیات کے کارندے  عوام کو بغیر میٹر چیک کیے بوگس بلات متھے مارتے ہیں  اور وہ بھی اکثر آخری تاریخوں کے بعد بلات وصول ہوتے ہیں  اور غریب عوام کو مجبوری کے عالم میں وہی  دہرے بلات جمع کروانا پڑتے ہیں کیونکہ  اسوقت تک بائیس تاریخ گزر چکی ہوتی ہے اور بلات ٹھیک بھی نہیں ہو سکتے، جو ٹھیک بھی  ہوتے ہیں وہ اگلے ماہ میں  جمع شدہ رقم منہا کر کے سرچارج سمیت  مزید  بڑھا کر جاری کئے جاتے ہیں۔ اوپر سے قہر  یہ کہ بجلی  کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے  جس کے باعث طلباء و طالبات  کی پڑھائی بری طرح متاثر ہو  رہی ہے۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے  اصلاح احوال کی اپیل کی ہے۔