چیئرمین سینیٹ کیلئے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سرتوڑ کوششیں

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں جب کہ (ن) لیگ کے بعد اب پی پی نے بھی مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان جوڑ توڑ جاری ہے، مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینیٹ کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کادعویٰ کیا ہے جس کےبعد پیپلزپارٹی بھی اسی دعوے کے ساتھ سامنے آگئی ہے۔

 

’57 ارکان کی حمایت حاصل ہے‘

جیونیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سومرو نے دعویٰ کیا ہےکہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مطلوبہ ارکان سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، عہدوں کے لیے 53 ارکان کی حمایت درکار ہے لیکن ہمیں اب تک 57 ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قیوم سومرو نے کہا کہ ایم کیوایم کے 5، جے یوآئی کے 4، فنکشنل لیگ اور اے این پی کا ایک ایک سینیٹر ہمیں ووٹ دے گا جب کہ پی ٹی آئی کے 13، بلوچستان کے 8 آزاد اور فاٹا کے 6 سینیٹرز بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ہمارے 20 ووٹ اپنے ہیں، پی ٹی آئی کے 13 ووٹ کی ذمے داری وزیراعلیٰ بلوچستان نے لی ہے۔

قیوم سومرو نے مزید کہا کہ جے یو آئی (ف) اور فاٹا کے ارکان ایک دو دن میں ہماری حمایت کا اعلان کریں گے۔

پارٹی کا اہم اجلاس طلب

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری کی زیرصدارت پارٹی کا اہم اجلاس آج زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے جس میں چیئرمین سینیٹ کے لیے دیگر جماعتوں سے ہونے والی بات چیت پر مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے لیے سلیم مانڈوی والا کے نام کی منظوری لیے جانے کا بھی امکان ہے۔

(ن) لیگ کا راجہ ظفر کے نام پر غور

دوسری جانب ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین سینیٹ کے لیے راجہ ظفر الحق کے نام پر غور شروع کردیا ہے۔

سینیٹ میں 33 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے اپنا چیئرمین سینیٹ لانے کے لئے رابطے مزید تیز کردیئے ہیں۔

گورنر سندھ محمد زبیر کی سربراہی میں مشاہد اللہ خان اور سلیم ضیاء پر مشتمل مسلم لیگ (ن)کے وفد نے ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں بہادرآباد اور پی آئی بی سے ملاقات کی۔

مسلم لیگ (ن) نے ایم کیوایم کے دونوں دھڑوں سے سینیٹ میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

وزیراعظم سے فاٹا کے سینیٹرز کی ملاقات

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے فاٹا کے سینیٹرز نے ملاقات کی جس میں چیرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے انتخاب پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے فاٹا سینیٹرز سے چیرمین انتخاب میں تعاون مانگا جس پر فاٹا کے سینیٹرز نے وزیراعظم کو اپنے مطالبات پیش کیے۔

ذرائع کے مطابق سینیٹرز نے فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، رکے ہوئے فنڈز کا فوری اجرا اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے فاٹا کے سینیٹرز کے مطالبات پر انہیں کل مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف سے ملاقات کی دعوت دی ہے۔