حسن ابدال: تمام محکمے ایمانداری کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں:ڈی سی اٹک

حسن ابدال(نمائندہ خصوصی   )میلہ بیساکھی میں آنے والے یاتری ہمارے مہمان اور انکی مہمان نوازی ہمارا فرض ہے۔ تمام محکمے پوری ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ سستی اور غفلت برتنے والے کسی اہلکار کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔ 12 اپریل سے پندرہ اپریل تک تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں گے ان خیالات کا اظہار ڈی سی  اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں میلہ بیساکھی کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی پی او اٹک شہزاد ندیم بخاری۔ اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال جنت حسین نیکوکارہ۔ ایس پی حسن ابدال اظہر خان۔ چیف آفیسر ساجد علی خان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندہ شخصیات موجود تھیں۔ محکمہ متروکہ وقف املاک کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری عمران خان گوندل نے میلہ بیساکھی کے حوالے سے افسران کو بریفنگ دی اور اپنے مسائل اور انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈی سی اٹک عشرت اللہ خان نیازی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میلہ بیساکھی میں شرکت کے لیے پوری دنیا سے آنے والے یاتری ہمارے مہمان ہیں جن کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے پوری ایمانداری کے ساتھ اپنیفرائض سر انجام دیں اور میلہ بیساکھی کے دوران کسی اہلکار کی جانب سے غفلت اور کوتاہی پر کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 12 اپریل سے پندرہ اپریل تک تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں گے۔ واپڈا کی جانب سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی جب کہ محکمہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے یاتریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ون ون ٹو ٹو اور میڈیکل ٹیمیں اس دوران گردواراہ کے اندر موجود رہیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی بھی کی جائے گی اس موقع پر بتایا گیا کہ بھا رت سے آنے والے یاتریوں کو خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ریلوے اسٹیشن حسن ابدال پہنچایا جائے گا جہاں سے سخت سکیورٹی کے حصار میں انہیں گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال تک لایا جائے گا میلہ بیساکھی کے دوران گردوارہ پنجہ صاحب کے گردونواح میں تمام دکانوں کو بند کروا کر ہر قسم کی آمدورفت کو روک دیا جائے گا جبکہ ٹی ایم اے حسن ابدال کی جانب سے سرچ لائٹس پانی کی فراہمی اور صفائی کی ذمہ داریاں نبھائیں جائیگی بعدازاں تمام افسران نے ریلوے اسٹیشن روڈ کا جائزہ لیا کے لئے احکامات بھی جاری کیے۔