کراچی میں 'ہیلمٹ کی پابندی مہم کا آج سے آغاز

کراچی: شہر قائد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ کی پابندی مہم کا آج سے آغاز ہوگیا جس کے بعد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے افراد کو چالان کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کراچی میں آج سے ہیلمنٹ کی پابندی مہم کا آغاز ہورہا ہے جس کا اطلاق پورے شہر میں ہوگا۔ مہم کے تحت شارع فیصل پر موٹرسائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور سینئر افسران شارع فیصل پر ڈیوٹی دیں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی کے تعاون سے شہر میں 13 مختلف مقامات پر ہیلمٹ کے اسٹالز لگائے جائیں گے اور ٹریفک پولیس اہلکاروں میں بھی ہیلمٹ تقسیم کر دیےگئے ہیں۔ جاوید مہر کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کا استعمال نا کرنے کی وجہ سے ٹریفک حادثات کی صورت میں زیادہ جانی نقصان ہوتا ہے، مہم موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے شروع کی جارہی ہے تاکہ وہ سر پر لگنے والی چوٹ سے محفوظ رہ سکیں۔ واضح رہے کہ رواں برس رمضان سے ہی عوام میں ہیلمٹ کے فوائد سے متعلق آگاہی کا عمل شروع کردیا گیا تھا، اس سے قبل بھی کئی مرتبہ شہر میں ہیلمٹ آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔
