اٹک،تعمیراتی مٹیریل مہنگا،تعمیرات بند،مزدوربیروزگارہوگئے 

 اٹک:  تعمیراتی مٹیریل مہنگا ہو گیا۔ عوام پریشان، مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔ حکومتی وعدے جھوٹ کا پلندہ۔ اشیائے خورد و نوش کے مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مٹیریل بھی مہنگا ہو گیا۔ سیمنٹ کی بوری 450روپے سے بڑھ کر 600روپے ہو گئی۔ سریا 32سو روپے سے 46سو روپے من، چوکا 12روپے سے 14روپے اور اینٹ فی گاڑی 5 ہزار روپے بڑھ گئی، تعمیراتی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ جس کی وجہ سے مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔ مزدور آصف، ریحانِ خدا بخش، میر افضل اور نور احمد نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم سارا دن مزدوری کی آس میں مختلف جگہوں پر مزدوری کی آس میں کھڑے رہتے ہیں۔اور شام کو خالی ہاتھ گھروں کولوٹتے ہیں۔ بیوی بچے پریشان ہیں فاقوں پر نوبت آ گئی ہے۔ ہر چیز مہنگی ہے مگر ہماری دیہاڑی وہی کی وہی ہے۔ مزدور اس وقت کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔ ان مزدوروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی مٹیریل کو پرانے نرخوں پر واپس لایا جائے تاکہ تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوں، ہمیں مزدوری ملے اور ہم اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔