وزیر اعظم کے احکامات کھوہ کھاتے ،آٹا کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ

آٹے کا 20 کلو والا تھیلہ جو 810 روپے میں فروخت ہوتا تھا اب 950 روپے سے تجاوز کر تے ہو ئے 1000 روپے کی حد کو چھو رہا ہے
اٹک: وزیر اعظم کے احکامات کھوہ کھاتے انتظامیہ کی ناک کے نیچے آٹا چکی فلور ملز اور تاجر مافیا نے کام دکھانا شروع کر دیا آٹے کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ، نان بائیوں نے بھی روٹی کی قیمت بڑھانے کیلئے پر تول لیے ، انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں وافر مقدار میں گندم کے ذخائر موجود ہونے کے باوجود بھی آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کیلئے آٹا مافیا نے اپنا کام دکھانا شروع کر دیا ہے یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں آٹے کی قیمت میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے سختی سے روکنے کا حکم بھی دیا تھا تاہم آٹا مافیا نے حکومت کے ان احکامات کو کھوہ کھاتے ڈالتے ہوئے آٹے کی قیمت میں 150 روپے فی بوری تک اضافہ کر دیا ہے آٹے کا 20 کلو والا تھیلہ جو 810 روپے میں فروخت ہوتا تھا اب 950 روپے سے تجاوز کر تے ہو ئے 1000 روپے کی حد کو چھو رہا ہے نیز 4500 روپے والی آٹے کی بوری 4700 روپے کی حد کو کراس کر رہی ہے۔
ان حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نان بائیوں نے بھی فی روٹی کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے اندھیر نگری چوپٹ راج ہے اور ضلح بھر کے محکمہ فوڈ اتھارٹی والے بھی لسی پی کر لمبی تان کر سو گئے ہیں خاص کر اٹک اور اس کے گردونواح شکردرہ ، جسیاں ، مرزا ، ماڑی کنجور ، شیں باغ وغیرہ میں آٹا مہنگے داموں فروخت کرکے عوام جو پہلے ہی مہنگائی کی دلدل میں پس رہی ہے مالکان نے آٹا مہنگا کرکے غریب عوام کے منہ سے نوالہ جیسی نعمت بھی چھین کر جیتے جی مار دیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم عمران خان ، وزیراعلیٰ پنجاب ، ڈی سی او اٹک و دیگر ارباب اختیار سے آٹا بحران پر فوری قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو مہنگائی میں پسی عوام دو وقت کی روٹی کو بھی ترس جائیں گے ۔
