سازشیوں کی کوشش ہے کہ میں پارٹی چھوڑ دوں، میجر طاہر صادق 

ایم این اے و سابق ضلع ناظم میجر ساہر صادق میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی قاضی احمد اکبر بھی ہمراہ ہیں

عمران خان کے ساتھ شامل ہوا، ان کے ساتھ رہوں گا اور میں آخری آدمی ہونگا جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا 

حضرو :رکن قومی اسمبلی میجر(ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ سازشیوں نے بڑی کوشش کی کہ میں پارٹی چھوڑ دوں مگر میں عمران خان کے ساتھ شامل ہوا، ان کے ساتھ رہوں گا اور میں آخری آدمی ہونگا جو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا جبکہ ناکام کوششیں کرنے والوں کی سازش پر پانی پھر جائے گا، کوئی ہمیں پی ٹی آئی سے نکال دے گا تویہ ان کی بھول ہے ہمیں تو مزہ ہی گھڑمس میں آتا ہے، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے جب میرا نام سامنے آیا تو ملک امین نے سب سے بڑھ کر مخالفت کی، میں وزیر اعلیٰ بن جاتا تو پورے پاکستان پنجاب بالخصوص ضلع اٹک کو فائدہ ہوتا مگر یہ ترقی کے دشمن ہیں جو نہیں چاہتے کہ غریبوں کے کام ہوں، میں نظریاتی نہیں ہوں، جابرانہ، آمرانہ، نوابانہ اور شاہانہ نظام کو ختم کر نے کے نعرے اور نظام میں تبدیلی کی خاطر عمران خان کے ساتھ شریک ہوا، ملک میں رشوت ڈبل جبکہ افسران مادر پدر آزاد ہو گئے ہیں کہیں حکومتی رٹ نظر نہیں آتی، ایک دکاندار 10روپے کی چیز، ساتھ والا 12اور اسکے ساتھ والا 14روپے کی چیز بیچ رہا ہو تو کون ذمہ دار ہے، ہم عوام کی خاطر جنگ لڑنے والے ہیں، لوگ ہمارے دور کو آج بھی یاد کرتے ہیں۔

 

 سابق صدر پی ٹی آئی ضلع اٹک و امیدوار صوبائی اسمبلی قاضی احمد اکبر، سابق تحصیل صدر حاجی اشفاق، ترجمان کور کمیٹی تحصیل حضرو عمران خان، راشد بنگش، انیس الرحمن بہبودی، سابق چیئرمین حمید جمریز خان، سابق جنرل سیکرٹری جاوید اقبال سمیت کور کمیٹی کے ممبران اور پی ٹی آئی سپورٹرز کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی، میجر (ر) طاہر صادق نے مزید کہا کہ للہ نے جو عزت دی ہے وہ کوئی نہیں چھین سکتا، جب ہمارے ساتھ زیادتی کی گئی تو اس کا اتنا سخت ری ایکشن آیا کہ مرکز اور پنجاب میں اپنی حکومتیں ہونے کے باوجود این اے 56کی 66ووٹوں ہزار سے جیتی سیٹ 46ہزار ووٹوں سے بری طرح ہار گئے اس طرح ایک لاکھ 12ہزار ووٹ غلط فیصلے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے ہاتھ سے چلے گئے کیونکہ میرٹ سے ہٹ کر غلط فیصلوں کہ نتیجہ ہمیشہ غلط آتا ہے، یہ صورتحال میں نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں بتا دی تھی کہ ملک سہیل یہ سیٹ جیت جائے گا اس لئے کہ ٹکٹ کا فیصلہ غلط ہے اور عوام ہماری لونڈی نہیں، ہم ان کے خادم ہیں، عوام ہمارے ماسٹر ہیں ان کو سر پر بٹھا کر رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو رکمیٹی تحصیل حضرو ہمارا اثاثہ ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں و کور کمیٹی نے جس طرح الیکشن میں ہماری مدد کی اس کی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کمیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی جس کام کیلئے ہمارے پاس آیا ہم نے اس کی پارٹی پوچھے بغیر جائز کام کئے اس لئے بھول جائیں کہ آپ کے کام نہیں ہونگے بے فکر رہیں آپ کے ہی کام ہونگے۔

 میجر (ر) طاہر نے کہا کہ عمران خان کے سامنے جلسہ میں کہا تھا کہ یوسف خٹک اور طارق نظریاتی اور پرانے ورکرز ہیں باقی قاضی احمد اکبر اور میرے سمیت دوسری جماعتوں میں شامل رہے ہیں اس لئے پرانے نئے کی بات ختم کی جائے اگر پرانے اتنے اچھے اور قابل ہوتے تو ہم کو پارٹی میں لینے کی ضرورت کیا تھی اور پرانے تو اہل ہی نہیں تھے ورنہ مجھے کیوں 3سیٹوں کیلئے ٹکٹ دیئے جاتے اور پھر عمران خان کے بعد میں نے 3سیٹیں پورے پاکستان میں جیتیں، 2013کے الیکشن میں میرا بیٹا ایم این اے بنا اور ن لیگ نے بڑا زور لگایا مگر ہم ن میں شامل نہیں ہوئے آزاد ہی رہے اور آزاد ممبر کی حیثیت سے پی ٹی آئی کو وزیر اعظم کے امیدوار، سپیکراور ڈپٹی سپیکر کی ووٹ بغیر مانگے دی دوسری طرف 2013میں ملک امین اسلم (ن) کے ساتھ شامل ہونے کی کوششیں کرتے رہے جو سب ریکارڈ پر موجود ہے اور عمران خان خود بھی جانتے ہیں، میجر (ر) طاہر صادق نے کہا کہ جس کی اپنی کوئی حیثیت نہیں جس کا اپنا کوئی سیاسی کردار نہیں وہ ہمیں کچھ مت سمجھائے، وزیر ہونے کے باوجود لوگ ان سے تو ہاتھ تک ملانا پسند نہیں کرتے اور ضلع کونسل اٹک کے ترقیاتی کام رکوا کر وہ عوام دشمنی کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کی خرابی سے سب اتفاق کرتے ہیں مگر مہنگائی عروج پر ہے اور کہیں بھی انتظامیہ کی رٹ نظر نہیں آتی، انہوں نے مہینے میں ایک یا دو دن پی ٹی آئی کے دفتر میں عوام کے مسائل سننے کااعلان کیا۔

میجر (ر) طاہر صادق نے پی ٹی آئی سپورٹرز کے تحفظات کے پیش نظر کہا کہ میں نے اسلام آباد میٹنگ میں صاف کہا ہے تنظیم سازی میں میرٹ اور زمینی حقائق کو سامنے رکھا جائے کسی وزیر کے بندے یا من پسند کو نوازنے کی بجائے گراؤنڈ پر کام کرنے والوں کے میرٹ کا خیال کیا جائے اور اگر ریجن والوں نے غلط فیصلے کئے تو ہم پھر بتائیں گے ٹھیک کام کیسے ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کمیٹیوں کو قانون کے مطابق بنایا جائے گا، ہمارے دروازے ہر وقت کور کمیٹی اور پی ٹی آئی کیلئے کھلے ہیں، کوئی بھی جھجھک محسوس مت کریں، کھل کر میرے ساتھ بات کریں، کوئی کام ہو کسی میں جرات نہیں ہمیں انکار کرے، ہم اپنا کام کرنا اور کرانا جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کیلئے ٹانگیں کھینچنے والوں نے ہمارے ساتھ نہیں صرف ضلع اٹک کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے۔