ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے ،صوبائی وزیر کرنل(ر) انور

ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے ،صوبائی وزیر کرنل(ر) انور

صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی،تحصیل کونسل اٹک کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا

اٹک (ڈیلی اٹک نیوز)صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے لاتعداد منصوبے شروع کر رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایم پی اے ملک جمشید الطاف، ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

 

 بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں عوامی ترقیاتی کام بھر پور طریقے سے جاری ہیں اور یہ سکیمیں بروقت مکمل کرلی جائیں گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے اور ان کے معیار کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے رابطے میں رہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر مال نے تحصیل کونسل اٹک کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ور بعد ازں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی کی قیادت کی۔