تحصیل اٹک میں شاپنگ بیگ پر پابندی کا اطلاق کردیا گیا
اٹک(ڈیلی اٹک نیوز )اسسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکو کارہ کا اعزاز۔راولپنڈی ڈویژن کی 23تحصیلوں میں سب سے پہلے تحصیل اٹک میں شاپنگ بیگ پر پابندی کا اطلاق کر دیا گیا
۔تمام بڑے سٹورز سے 15فروری کو شاپنگ بیگ ہٹا دیے گئے۔ا سسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکو کارہ نے کہا ہے کہ تحصیل اٹک میں 15فروری کوتمام بڑے شاپنگ سٹورز سے شاپنگ بیگ ہٹا لیے گئے ہیں جبکہ 23مارچ تک ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں شاپنگ بیگ پر مکمل پابندی عاید کر دی جائے گی۔جس کے بعد شاپنگ بیگ استعمال کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنت حسین نیکو کارہ نے کہا کہ شاپنگ بیگ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہے تھے جس پر حکومت کی ہدایت اور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحصیل اٹک سے شاپنگ بیگ کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے۔شاپنگ بیگ نہ صرف گندگی کا باعث بن رہے تھے۔ بلکہ نکاسیء آب کے سلسلے میں سب سے بڑا مسئلہ تھے۔تمام دکانداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ آج کے بعد ان مسائل سے بچنے کے لیے شاپنگ بیگ کے بجائے کپڑے کے بیگ استعمال کریں تا کہ آلودگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔قبل ازیںشاپنگ بیگ پر پابندی کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکو کارہ نے اٹک کے تمام بڑے شاپنگ مالززمان سنز،۔نسیم مارٹ، مرینہ مال، ریاض کریانہ سٹور، سپر چوائس کے دورے کیے اورسٹور مالکان کو کہا کہ آج کے بعد سے کسی کو شاپنگ بیگ کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔شاپنگ بیگز کے بجائے کپڑے کے بیگز استعمال کیے جا سکیں گے۔
