نجی تعلیمی اداروں اور اساتذہ کو درپیش مسائل بارے وزیراعظم کا بیان خوش آئند ،ملک ابرار حسین

نجی تعلیمی اداروں اور اساتذہ کو درپیش مسائل بارے وزیراعظم کا بیان خوش آئند ،ملک ابرار حسین

 بطور وزیر اعظم مسئلے کا ٹھوس حل نکالیں اور چھوٹے نجی تعلیمی اداروں کیلئے بیل آو¿ٹ پیکج جبکہ تمام نجی اساتذہ کو احساس پروگرام کے تحت ریلیف دیا جائے، صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن 

اسلام آباد (ڈیلی اٹک نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی میں کورونا وباءکے دوران نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور ہزاروں اساتذہ کی بےروزگاری پر اظہار تشویش کرنے پر نجی تعلیمی اداروں کی ملک گیرنمائندہ تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے زبردست خیرمقدم کیا ہے، ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین کہتے ہیں ، لاک ڈاو¿ن میں تعلیمی اداروں کی بندش سے ہزاروں اساتذہ بے روزگار جبکہ سینکڑوں چھوٹے تعلیمی ادارے بند ہو گئے ہیں جس پر گزشتہ تین ماہ سے حکام کو آگاہ بھی کرتے رہے ہیں، اس حوالے سے عمران خان کا بیان خوش آئند ہے تاہم بطور وزیر اعظم وہ اس مسئلے کا ٹھوس حل نکالیں اور فاقوں کا سامنا کرنے والے چھوٹے نجی تعلیمی اداروں کے لیے بیل آو¿ٹ پیکج جبکہ تمام نجی اساتذہ کو احساس پروگرام کے تحت ریلیف دیا جائے۔

 

 

 منگل کو قومی اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بیان پر جاری کردہ اپنے ردعمل میں ملک ابرار حسین کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا سے دنیا بھر میں لوگوں کے کاروبار متاثر ہوئے ہیں اسی طرح پاکستانی حکام نے جو لاک ڈاو¿ن کیا تھا اس سے ملک بھر میں چلنے والے ہزاروں نجی تعلیمی ادارے شدید متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا اس مسئلے کو حل کرنے لے لیے انہوں نے متعدد بار حکام کو اگاہ کیا تاہم ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اب نجی تعلیمی اداروں کا احساس ہوا ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں اور چھوٹے تعلیمی اداروں کے ساتھ اساتذہ کے مسائل کا اسمبلی میں ذکر کر کے وزیراعظم نے قوم کے دل جیت لیے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے وزیراعظم کے خدشات کے پیش نظر ملک بھر کے باالخصوص چھوٹے نجی تعلیمی اداروں کے لیے فوری ریلیف پیکج دیا جائے تاکہ وہ عمارتوں کا کرایہ، اساتذہ کی تنخواہیں اور بلز سمیت دیگر اخراجات اور واجبات کی ادائیگی کے قابل ہو سکیں۔ مزید برآں ملک ابرار حسین نے وزیر تعلیم شفقت محمود کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔