حریت قیاد ت کی مقبول بٹ اور افضل گوروکی برسیوں پر ہڑتال کی کال
سرینگر(کے ایم ایس )مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے معروف کشمیری شہداء محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر نو اور گیارہ فروری کو پوری وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی جدوجہد اور شہادت تاریخ کشمیر کا تابناک باب ہے ۔ بھارت نے ان دونوں رہنمائوںکو نہ صرف نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر انکی میتوں کو بھی وہیں دفن کرکے آج تک قید میں رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان عظیم الشان شہداء کی شجاعت اور قربانی ملت کشمیر کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ کشمیری اپنے ان شہداء کی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کر سکتے ۔
