آزادکشمیر کونسل کی متوازی حکومت ختم ہونی چاہیے،سراج الحق

لاہور(بیورورپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے،جس قوم نے آزادی کے لیے 5لاکھ جانوں کی قربانی پیش کی ہو اس قوم کو آزاد ہونے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی ،نریندر مودی دہشت گرد کشمیریوں کا قتل
عام بند کیا جائے ،آزادکشمیر حکومت کو با اختیار اور باوقار بنایا جائے ،کشمیر کونسل کی متوازی حکومت ختم ہونی چاہیے کونسل کے مالی اور انتظامی اختیارات آزاد حکومت کو فراہم کیے جائیں ،جماعت اسلامی نے آزادکشمیر کے تعمیراتی بجٹ میں اضافے کے لیے بھی کردار ادا کیا اور اب اختیارات کی منتقلی میں بھی کردار ادا کرے گی ،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو ڈیمز کی رائلٹی اور خالص منافع میں حصہ دیا جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیاسی امور کے سیکرٹری جنرل نثار احمد شائق نے ملاقات کی اس موقع پر کیا ،سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت پاکستان تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے کشمیر کے حوالے سے ریاستی پالیسی بنائے تاکہ حکومت کوئی بھی ہو کشمیر پالیسی کو ئی تبدیل نہ کرسکے ،حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور عالمی برادری کو مظالم سے آگاہ رکھنے کے لیے ایک مستقل نائب وزیر خارجہ کا تقرر کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان اہم دارلحکومتوں کا خود دورہ کر کے کشمیر کے مسئلے پر حمایت حاصل کریں اور باقی ممالک میں پارلیمانی وفود بھیجیں جس میں آزادکشمیر کے ممبران اسمبلی بھی شامل ہوں ،اس موقع پر نثار احمد شائق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سیز فائر لائن کا خود بھی دورہ کیا اور سینیٹرز کو بھی لایا جس سے مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی حوصلے کا پیغام گیا ہے اور متاثرین سیز فائر لائن کے حوصلوں میں اضافہ ہوا ہے ۔
