وزیر اعظم ایکٹ 74اور کشمیر کونسل ختم کروانے کی قرارداد پاس کروائیں، سیف الدین
مظفراباد(صباح نیوز) مرکزی وائس چیئرمین جمو ں و کشمیر لبریشن فرنٹ خواجہ سیف الدین نے وزیر اعظم ازادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو تجویز دے دی ! جس کے مطابق ازادکشمیر قانون ساز اسمبلی بااختیار ہے ، وزیر اعظم اسمبلی سے ایکٹ 74اور کشمیر کونسل ختم کروانے کی قرارداد پاس کرواکر کشمیر کونسل کو ختم کروانے کی منظوری لے سکتے ہیں جس میں نہ تو وزیر امور ِ کشمیر مداخلت کرسکتے ہیں نہ ہی کوئی رکاوٹ باقی رہے گی خواجہ سیف الدین نے وزیر اعظم ازادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ازادکشمیر کی تاریخ میں سنہری حرفوں سے نام لکھنے کیلئے محنت اور لگن کی اشد ضرورت ہے جس کی وجہ سے راجہ فاروق حیدر خان پہلے وزیر اعظم ہونگے جنہوں نے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر کونسل اور ایکٹ 74کوختم کرنے کیلئے جو کوششیں کی وہ قابل تعریف ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر امور ِ کشمیر برجیس طاہر اپنی دال روٹی بند ہونے کے خدشہ کے باعث رکاوٹ بنا ہوا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی ازادکشمیر میں حکومتی اراکین کی وافر تعداد موجود ہے اور ایسی صورت حال میں اپوزیشن بھی اُن کے ساتھ مکمل حمایت کرتی ہے راجہ فاروق حیدر خان قانون ساز اسمبلی سے قرار داد پاس کرکے وفاقی حکومت کو پیش کریں جس کے بعد ازادکشمیر کی پوری قوم وزیر اعظم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی ۔اُنہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کے اِس اقدام پر اُن کا نام سنہرے حرفوں میں لکھا جائیگا ، اب اگر قدم اُٹھایا ہے تو کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرکے اگے بڑھیں ۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اول دن سے ہی کشمیر کونسل اور ایکٹ 74کے خلاف ہے ۔
