انٹرا کشمیر ٹریڈرز کا احتجاجی تحریک اور دھرنا چلانے کا اعلان،تاجر تنظموں نے حمایت کردی

مظفرآباد(وقائع نگار) انٹراکشمیر ٹریڈ کے تاجروں نے آج سے احتجاجی تحریک چلانے 'دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔ تمام تاجر تنظیموں نے مکمل حمایت کردی ۔آرمی چیف 'وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے' پاکستان کی منڈیوں تک رسائی دینے 'مظفرآباد اور ہجیرہ میں منڈیوں کے قیام کا مطالبہ ۔گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں کراس ایل اوسی ٹریڈ یونین تیتری نوٹ کے صدر سردار قضیم نے انٹراکشمیر ٹریڈ یونین چکوٹھی کے صدر بشارت نوری ' جنرل سیکرٹری انجم زمان اعوان ' ہلال پیرزادہ 'حامد رضا ہاشمی' تنویر ترالی 'جہانگیر کنڈی 'اسد مسعود ' امیتاز شاہ ' محمد الیاس ' وحید انور ' محمد خالد'تاجران مظفرآبادکے نمائندہ تنویر قریشی 'مبارک اعوان اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کسٹم حکام ایف بی آر کی طرف دوہرا معیار اپنایا گیا ہے۔ایف بی آر نے سی بی ایمز کو جوتی کی نوک پر رکھ دیا ہے ۔ ہم سالانہ 15کروڑ روپے ٹیکس حکومت کو دیتے ہیں۔ مزدوروں کو ساڑھے چا ر کروڑ ادا کرتے ہیں۔ ضلع ٹیکس کی مد میں 3کروڑ روپے دیتے ہیں۔ 6ہزار لوگ اس کاروبار سے مستفیدہورہے ہیں۔ ہم سمگلر نہیں ہیں۔جب ٹریڈ کاآغاز ہوا تو آزادکشمیر چیمبر آف کامرس نے 360آئیٹمزکے ٹریڈ کی لسٹ جاری کی ۔ جس کو بعد میں پاکستان کی چیمبرز کے اعتراض پرکاٹ کر صرف 21آئیٹمز کردیاگیا۔ کسٹم حکام نے ہمیں سمگلر ڈیکلیئر کرتے ہوئے ہمارے پاکستان داخلے پر پابندی لگادی ۔ ہمارے خلاف آیف آئی درج کی جارہی ہے۔ ہماری 8گاڑیاں آج بھی غیر قانونی طور پر کسٹم حکام کے قبضے میں ہیں ۔ گاڑیوں کو غیر مشروط واگزار کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ جب زیرو ٹیرف کی شق ڈالی گئی تواس کا مطلب یہی تھاکہ ہم پاکستان کی منڈیوں تک جاسکتے ہیں۔ کیونکہ ریاست کے اندر تو ٹیرف نہیں ہوتا۔ ہمیں معاشی آزادی دی جائے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے بھاری سرمایہ کاری کررکھی ہے۔ اب ہم کہیں کے نہیں رہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم مجبور ہو کر سٹرکوں پر نکلے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج 19مارچ کو دومیل سے آزادی چوک تک ریلی نکالی جائے گی پھر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ انتظامیہ ہمیں سیکرٹریٹ میں دھرنا دینے کیلئے جگہ فراہم کرے ۔ ہم دھرنا اس وقت تک ختم نہیں کرینگے جب تک ہمارے معاملات حل نہیں ہوجاتے ۔ بات بھوک ہڑتال اوراحتجاجی تحریک تک جاسکتی ہے۔ ہمیں پاکستان کی منڈیوں تک رسائی دی جائے ۔ ہم یہاں مال فروخت کرنے کو تیار ہیں۔ ہجیرہ اور مظفرآباد میں منڈیا ں قائم کی جائیں ۔آرمی چیف ' وزیراعظم پاکستان ' وزیراعظم آزاد کشمیر ' چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے مطالبہ کیاکہ وہ نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کا حل نکالیں ۔اس موقع پر تاجران مظفرآبادکے نمائندہ تنویر قریشی نے کہاکہ وہ کشمیری تاجروں کی مکمل حمایت کرتے ہیںاور ریلی 'دھرنا میں ان کیساتھ شریک ہونگے۔
