خواتین پر تشدد جیسے معاشرتی عیبوں کا قلع قمع کرنا ہوگا:ایمان طاہر

اٹک: ہمارا مذہب خواتین کے عزت و احترم اور انکے آئینی و شرعی حقوق کا پاسدار ہے۔ یہ اسلام کا ہی اعجاز ہے جس کی بدولت خواتین نہ صرف معاشرے کا معزز اور باوقار رکن قرار پائیں بلکہ انھیں مذہبی، روحانی، معاشی،معاشرتی،تعلیمی،قانونی اور سیاسی غرض ہر طرح کے حقوق بھی ملے۔ہمیں معاشرے سے خواتین پر بے جا تشدد، انہیں ہراساں کرنے اور انکے بنیادی حقوق سے دور رکھنے جیسے معاشرتی عیبوں کا قلع قمع کرنا ہوگا۔ تبھی یہ معاشرہ ایک عورت کو ایسا ماحول مہیا کر سکے گا جس میں اسلام کے ذریں اصولوں کے تحت ایک فلاحی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا سکے ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ضلع کونسل ایمان طاہر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا. انہوں نے کہا کہ اٹک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈسٹرکٹ کونسل اٹک جشنِ بہاراں فیسٹیول 2019 میں خواتین کو فنِ کڑھائی، بُنائی، مہندی اور میک اپ وغیرہ کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا۔اٹک فیسٹول 2019 میں خواتین کی شرکت کو یقینی اور موثر بنانے کے لیے چیئرپرسن ضلع کونسل ایمان طاہر نے خصوصی انعامات کا اعلان کیا ہے جن میں کڑھائی اور بنائی کے مقابلے میں پہلا انعام 65ہزار روپے دوسرا 40ہزار روپے اور تیسرا 25ہزار روپے رکھا گیا ہے. اسی طرح میک اپ کے مقابلے میں پہلا انعام50ہزار روپے دوسرا 30ہزار روپے اور تیسرا 15ہزار روپے رکھا گیا ہے ۔ جبکہ مہندی لگانے کے مقابلے کے لیے پہلا انعام 25ہزار روپے دوسرا 15ہزار روپے اور تیسرا 10ہزار روپے رکھا گیا ہے. ان مقابلوں میں شرکت کے لیے خواتین 15مارچ سے قبل فوکل پرسن مدثرہ وحید سے خود مل کر یا رابطہ نمبر 9316474 پر رجوع کر کے اپنی رجسٹریشن کروا سکتی ہیں. جشنِ بہاراں اٹک فیسٹیول کی تقریبات 22مارچ سے 25 مارچ تک منعقد کی جائیں گی. جوضلع اٹک کی تاریخ میں خواتین کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہو گا۔