سانحہ ساہیوال: وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب کو جوڈیشنل کمیشن بنانےکی ہدایت

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے 3 ماہ بعد سانحہ ساہیوال کے متاثرین سے ملاقات میں جوڈیشل کمیشن بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی جس میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مقتول خلیل کے والد، بھائی اور بچے بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے 3 ماہ بعد ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے متاثرہ خاندان کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو جوڈیشل کمیشن بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نے متاثرہ خاندان سے ہونے والی ملاقات امدادی چیک بھی تقسیم کیے۔ سانحے کے بعد وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ قطر کے دورے سے واپسی پر ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے لیکن وزیراعظم نے انصاف کے طلبگار لواحقین کو چیک دینے کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس بلایا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی جان کے ضیاع کا کسی صورت ازالہ نہیں کیا جا سکتا تاہم حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔
