ووکس اور براڈ کی تباہ کن بولنگ، لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کو شکست دے دی

انگلش بولرز کرس ووکس اور اسٹیورٹ براڈ کی تباہ کن بولنگ کے سبب سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کو دوسری اننگز میں صرف 38 رنز پر ڈھیر کرکے میچ 143 رنز سے جیت لیا۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے لارڈز ٹیسٹ کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوگیا، کرس ووکس نے 17 رنز کے عوض 6 اور براڈ نے 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لارڈز میں سیریز کے واحد ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ نے 303 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا لیکن آخری وکٹ اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ہی گر گئی، یوں انگلینڈ کو آئرلینڈ کے خلاف 181 رنز کی برتری ملی۔ آئرش ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لیے 182 رنز بنانے تھے مگر اُن کے بیٹسمین کرس ووکس اور تجربہ کار بولر اسٹیورٹ براڈ کی بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔ دونوں بولرز نے 16ویں اوور میں ہی آئرلینڈ کی ٹیم کو پویلین پہنچادیا، حریف ٹیم کو 38 رنز پر ڈھیر کرکے انگلش ٹیم کو 143 رنز کے مارجن سے فتح دلادی۔ کرس ووکس نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے صرف 17 رنز کے عوض 6 شکار کیے، براڈ نے 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں 92 رنز بنانے والے انگلش اوپنر جیک لیچ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ خیال رہے کہ پہلی اننگز میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کو حیران کن طور پر 85 رنز پر آل آؤٹ کردیا تھا۔ آئرلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 207 رنز بنائے تھے۔