اٹک، حکمران ملکی معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہو چکے ہیں:شیخ آفتاب احمد

ملک کو حقیقی معنوں میں اب بھی نواز شریف کی ضرورت ہے ، آزادی مارچ بارے مشترکہ طور پر جو بھی فیصلہ کیا جائے گا ہم اس فیصلے پر عملدرآمد کریں گے، سابق وفاقی وزیر
اٹک(صدیق فخر سے) سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مریم نواز کی میرٹ پر ضمانت منظور ہونا آئین و قانون کی بالادستی کو ثابت کرتی ہے۔ اس کیس کے تفصیلی فیصلے میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات کو ثابت نہیں کیا جا سکا۔ میں اس فیصلے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی کارکنان سے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی اپیل بھی کرتا ہوں۔
اس ملک کو حقیقی معنوں میں اب بھی نواز شریف کی ضرورت ہے اور کچھ ناعاقبت اندیشہ لوگوں کی طرف سے یہ تاثر دینا کہ شہباز شریف اور نواز شریف کی پالیسیاں الگ الگ ہیں تو یہ انتہائی منفی سوچ ہے میں نے ہمیشہ شہباز شریف کو اپنے بڑے بھائی کے پیچھے کھڑا دیکھا ہے اور انہوں نے اپنے قائد کے ہر فیصلے کو من و عن تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے شرکاء خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے کراچی سے اسلام آباد تک جس نظم و ضبط اور ڈسپلن کا مظاہرہ کیا وہ ایک تاریخ رقم ہو چکی ہے۔ آزادی مارچ کو تمام اپوزیشن جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے اور مشترکہ طور پر جو بھی فیصلہ کیا جائے گا ہم اس فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔
اس وقت پوری قوم کی نظریں آزادی مارچ کی طرف لگی ہوئی ہیں اور لوگ ان کے مطالبات کی تائید کر رہے ہیں اس کی وجہ حکومت کی نااہلی اور ناکامی ہے موجودہ حکمران ملکی معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ حکومتوں کا آنا جانا معمول کی بات ہوتی ہے لیکن ملک کی سلامتی و بقا اولین ترجیح ہونی چاہیے اس بارے میں اب آئینی اداروں کو بھی سوچنا ہوگا اور ڈوبتی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے عوامی رائے کا احترام کرنا ہی تمام مسائل کا بہترین حل ہے۔
