پسماندگی کا دور ختم،ریاست میں منصوبوں کا جال بچھا دینگے،فاروق حیدر

 فاروڈکہوٹہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہری دفاع وطن کے سپاہی ہیں جو مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ہندوستانی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہو کر ڈٹے ہوئے ہیں، حکومت لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کی مشکلات و مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔ حویلی کی پسماندگی کا دورختم ہو چکا ہمارے ڈیڑھ سال کے منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں بقیہ عرصہ میں علاقہ کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے،ریاست بھر میں سڑکوں کے انفراسٹریکچر کی بحالی اوربہترگی کے ساتھ ساتھ صحت ، تعلیم و دیگر سہولیات ترجیحی بنیادوں پر لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے لوگوں تک پہنچائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری طالب حسین کی پانچویں برسی کے موقع پر ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری طالب حسین مرحوم انتہائی نفیس منصف مزاج ہمدرد ،نیک اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار انسان تھے ۔انہوں نے ضلع حویلی کی عوام کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی ۔چوہدری محمد عزیز کی سیاسی زندگی میں اُن کا بڑا ساتھ اور کردار تھا ۔ان کے ویژن اور سوچ کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے ۔ضلع حویلی کی پسماندگی کو دور کیا جائے گا حویلی میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ۔بھیڈی تا ہلاں ،چڑیکوٹ تا حاجی پیر ہر علاقے میں تعمیر و ترقی کے منصوبے شروع ہوں گے ۔حویلی کی عوام لائن آف کنٹرول پر رہ رہے ہیں جہاں تینوں اطراف دشمن کی افواج اُن پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کر کے اُن کوشہید اور زخمی کیا جا رہا ہے ۔میں فروری میںضلع حویلی کا تفصیلی دورہ کروں گا اور ہر علاقے کے مسائل حل کروں گا۔برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتعمیرات و مواصلات چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ حویلی کے کچھ لوگ برسیوں اور تعزیتی ریفرنسوں پر سیاست کرتے ہیں ۔گزشتہ پانچ سالوں کے دوران انہوں نے تعمیر وترقی کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی ۔اورعوام کے فلاح و بہبود کے لیے مہیا فنڈز کو ہڑپ کر گئے ،ایک واٹر سپلائی سکیم ،فٹ پاتھ ،قبرستانوں اور لوکل گورنمنٹ کے تمام فنڈز کھا گئے ہیں جو میں ہضم نہیں ہونے دوں گااور جن کے نام یہ منصوبے بنے ہیں اُن کو اور ان کے ساتھ مل کر یہ منصوبے ہضم کرنے والوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے لے جائوں گا ۔انہوں نے کہا  کہ میں عوامی خدمت پر یقین رکھتا ہوں اور عوام کا خادم ہوں دوسال میں دس کروڑ روپے کے منصوبے میں نے خود عوام کو کہا کہ کمیٹیاں بنا کر منصوبے شروع کریں ۔الحمد اللہ آج ضلع حویلی میں تمام منصوبے جو ہم نے وزیراعظم انفراسٹرکچر کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت دیئے اُن پر 100فیصد کام ہوا ہے ۔چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ جون 2018تک ضلع حویلی کی بڑی سڑکیں معیاری تعمیر ہو جائیں گی اور یہ کام صرف چھ ماہ کے اندر مکمل ہو گا ۔محمود گلی پلنگی کہوٹہ روڈ 24کلومیٹر سڑک معیاری تعمیرہوگی ۔اس سڑ ک کا سنگ بنیاد وزیراعظم آزاد کشمیر نے رکھنا تھا جو ان کی طرف سے آج میں نے رکھ دیا ہے ۔اور یہ سڑک انتہائی معیاری ہو گی اس کے علاوہ کہوٹہ تا ہلاں ،کہوٹہ تا بھیڈی اور دیگر سڑکوں کے ٹینڈر ہو چکے ہیں جن پر کام شروع ہو رہا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ حویلی کے اندر لاء اینڈ آرڈر کو بحال رکھا جائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام آفیسران اس پر خصوصی توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی میری زندگی کا مشن ہے ۔اور یہی مشن چوہدری طالب حسین کا تھا اللہ سے دعا ہے کہ اُن کے اس مشن کو پورا کرتے ہوئے عملی جامہ پہنائیں ۔آخر میں چوہدری طالب حسین کی روح کے ایصال ثواب کے لیے اجتماعی دعا ہوئی ۔