ورکنگ پارٹی کا اجلاس،2ارب 87کروڑ کے 19منصوبے منظور

مظفرآباد(وقائع نگار)آزاد جموں وکشمیر ورکنگ ڈویلپمنٹ پارٹی کا مالی سال2017-18کا نواں اجلاس منگل کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 2ارب87کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 19منصوبہ جات زیر غور لائے گئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی، سیکرٹری اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی منصور قادر ڈار، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات ملک اسرار، سیکرٹر ی ہائوسنگ و فزیکل پلاننگ خواجہ احسن، سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر شہلا وقار، سیکرٹری ہائرایجوکیشن زاہد عباسی، سیکرٹری ورکس سردار محمد اسحاق کے علاوہ وفاقی حکومت کے نمائندگان اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت عامہ، جنگلات، داخلہ ،لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ،فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ، زراعت، بیرونی امداد پراجیکٹس ، ورکس و مواصلات اور ماحولیات کے متعدد منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔ اجلاس میں زیر غور لائے گئے منصوبہ جات میں ضلع سدھنوتی میں منگ کے مقام پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا قیام ، ضلع مظفرآبادمیں ٹنڈالی کے مقام پر فارسٹ کمپلیکس کے ساتھ بائونڈری وال کی تعمیر کے علاوہ دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی، آزادکشمیر میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ(SPU)کا قیام ، آزادکشمیر کے ضلعی صدر مقامات پر شمسی توانائی سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، کوٹلی یونیورسٹی کے رابطہ سڑک کی تعمیر کے لئے خرید اراضی، مظفرآباد میں چیف سیکرٹری آفس کی توسیع ،ضلع پونچھ میں تھوراڑ کے مقام پر واٹر سپلائی سکیم، تعمیر دفتری مکانیت ضلعی ہیڈکوارٹر حویلی کہوٹہ و جہلم ویلی، ضلع مظفر آباد کے شہری علاقہ جات کی رابطہ سڑکوں کی بہتری و بحالی ، جدید طریقہ زراعت سے فصلوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے فارم کی اراضی کا تجزیہ، ضلع مظفرآباد میں برارکوٹ کے مقام پر تحفظ سیلاب اسٹرکچر میں توسیع، ضلع بھمبر میں پنڈی جونجہ، ٹھاٹھی بیلہ محمد نگر اور سوکاسن کے مقامات پر قیمتی زرعی زمین کے تحفظ کیلئے سیلاب سے حفاظتی سٹرکچر کی تعمیر، DCRIPپراجیکٹ کے تحت ضلع حویلی میں بساہاں شریف کے مقام پر سیلاب سے تحفظ کے سٹرکچرکی بحالی اور ضلع باغ میں بنی پساری کے مقام پر تحفظ سیلاب سٹرکچر کی بحالی، چھوٹا گلہ تا پونچھ یونیورسٹی کیمپس سڑک، ضلع سدھنوتی میں تراڑ کھل بلوچ روڈ کی تعمیر و پختگی، میرپور کے مقام پر تحفظ ماحولیات ایجنسی کے زونل دفاترکی عمارت کی تعمیر اور استحکام ماحولیاتی گورننس و مانیٹرنگ سپورٹ پراجیکٹ شامل ہیں ۔ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا کہ تمام محکمہ جات ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ ترقیاتی منصوبہ جات کے PC-1مرتب کرتے ہوئے عوامی ضرورت کو مد نظر رکھا جائے اور ضرورت کی بنیاد پر منصوبہ جات شامل کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل کو مزید بہتر کیا جائے تاکہ مالی سال کے اندر مختص کیے گئے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔