اٹک:2 گروپوں میں تصادم،فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

اٹک: اسفندیار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں 2 گروپوں کے درمیان جھگڑا میں مخالف فریق نے فائرنگ کر کے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ بیٹا زخمی ، پولیس ترجمان کے مطابق قاتل گرفتار ، مقدمہ قتل درج تفصیلات کے مطابق تھانہ اٹک خورد کی چوکی گوندل کے گائوں مدروٹہ میں دو گروپوں کے درمیان معمولی تنازعہ پر کشیدگی چند ماہ سے جاری تھی اور فریقین کے درمیان مقدمہ اور جیل میں بھی فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ضمانت پر رہائی کے بعد اتوار کے روز دوبارہ گائوں میں جھگڑا ہوا جس میں ملک سلطان سکندر المعروف ملک پتی کا بیٹا ملک اسد سلطان زخمی ہوا اور اس کے مخالفین زخمی ہوئے ملک اسد سلطان کے گلے پر زخم کا نشان تھا دونوں فریقین کو پولیس چوکی گوندل نے ہسپتال ریفر کیا ملک اسد سلطان ہسپتال میں داخل تھا مخالف فریق بھی شام کو اپنا طبی ملاحظہ کرانے کیلئے ہسپتال آئے تو دونوں کا آمنا سامنا ہونے پر دوبارہ جھگڑا ہو گیا اور مخالفین نے ملک اسد سلطان کو قتل کرنے کی کوشش کی جس پر اس کا والد ملک سلطان سکندر المعروف ملک پتی کو فائر لگے اور وہ اسفندیار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوئے 2 ملزمان فرار ہو گئے جبکہ 2 نے نرسنگ سکول میں گھسے اور وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے بعدازاں پولیس تھانہ اٹک سٹی نے قاتل اعجاز خان ولد منصب خان ساکن مدروٹہ کو گرفتار کر لیا اسفندیار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں قتل کی دلیرانہ واردات پر فوری طور پر ایس ایچ او تھانہ اٹک سٹی حاجی گلفراز ، ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک عابد شاہ ، انچارج سٹی چوکی اٹک ملک کرم داد ، انچارج ایچ آئی یو صدر سرکل اٹک سب انسپکٹر عظمت حیات ، پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے اور لاش کو قبضہ میں لے کر اس کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش ورثاء کے حوالہ کر دی قتل ہونے والے ملک سلطان سکندر المعروف ملک پتی کے عزیز و اقارب بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے اور اس دوران ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک ڈاکٹر خالد محمود خان کے کمرے میں گھس کر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس پر پولیس فورس نے انہیں با حفاظت ہسپتال سے نکال کر ان کی رہائش گاہ پر منتقل کیا اور صورتحال کو بے قابو ہونے سے روکا ۔
