فتح جنگ، موٹرسائیکل کی ٹکر سے5 سالہ طالبعلم شدید زخمی 

فتح جنگ:سکول سے گھر واپس آتے ہوئے نامعلوم تیز فتار موٹر سائیکل سوار کی ٹکر ، 5 سالہ معصوم طالبعلم شدید زخمی ہو گیا ۔

جس کو ریسکیو 1122 کے عملہ نے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ منتقل کیا پولیس نے رپٹ درج کر لی تفصیلات کے مطابق 5 سالہ طالبعلم عبداللہ ولد زبیر ساکن گڑو فتح جنگ جو سکول سے واپس گھر آرہا تھا کے راستے میں نامعلوم تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے اسے ٹکر ماری اور شدید زخمی کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا معصوم زخمی طالبعلم کو ریسکیو 1122 کے عملہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ منتقل کیا اور اطلاع پر اے ایس آئی تھانہ فتح جنگ طاہر بشیر نے ہسپتال جا کر بچے کے بیانات قلم بند کر کے رپٹ درج کر لی ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع اٹک میں 5 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں میں ساڑھے 3 لاکھ موٹر سائیکل نوجوانوں کے پاس ہیں جن کے پاس لائسنس یا کسی قسم کی کوئی تربیت نہیں ہے اور آئے روز ریسکیو 1122 اٹک کی 5 تحصیلوں میں قائم تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور ضلعی صدر مقام پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں روزانہ درجنوں افراد ان تیز رفتار موٹر سائیکل سواروں کی ٹکر سے زخمی ہو کر آتے ہیں ان موٹر سائیکلوں میں سے اکثر کی نمبر پلیٹ نہیں ہے اور کئی موٹر سائیکل ایسے ہیں جو بالکل گنجے موٹر سائیکل ہیں ان پر نہ تو نمبر پلیٹ اور نہ ہی اشارے اور نہ ہی ہیڈ لاءٹ وغیرہ لگی ہوئی ہیں یہ تمام ریس کیلئے استعمال ہوتے ہیں اور ان پر ون ویلنگ کرنا نوجوانوں کا محبوب مشغلہ ہے اٹک پولیس اور ٹریفک پولیس نے ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کرنے کی قسم اٹھا رکھی ہے عوامی ، سیاسی و سماجی حلقوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اٹک میں موٹر سائیکلوں اور چنگ چی رکشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے تاکہ اٹک کے شہری گلیوں اور سڑکوں پر آزادی کے ساتھ پیدل چل سکیں جو ان کا آئینی اور قانونی حق ہے ۔