جامعہ اشاعت الاسلام چھوئی روڈ اٹک میں تقسیم اسناد و انعامات تقریب
مہمانِ خصوصی جانشین شیخ القرآن حضرت مولانا اشرف علی تھے،درجہ کتب کی 5اور درجہ حفظ کی 3جماعتوں میں اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے
اٹک(ڈیلی اٹک نیوز ویب) جامعہ اشاعت الاسلام تقسیم اسناد و انعامات کی پروقار تقریب جامعہ اشاعت الاسلام چھوئی روڈ اٹک میں منعقدد کی گئی۔درجہ کتب کی 5اور درجہ حفظ کی 3جماعتوں کے ششماہی امتحانات میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں میں اسناد تقسیم کی گئیں اور اول دوئم اور سوئم آنے والے طلبہ کو خصوصی انعامات دیے گئے۔مہمانِ خصوصی جانشین شیخ القرآن حضرت مولانا اشرف علی تھے جبکہ اس موقع پرممتاز عالمِ دین قاری انور شاکر ، ناظم اشاعت الاسلام قاری محمد سلیمان، مولانا غلام اللہ، حاجی محمد افضل (المکہ ٹینٹ سروس)، سابق کونسلر اشتیاق احمد تاقی، حاجی اشتیاق الرحمان ، سینیئر صحافی شیخ ظہور الٰہی سمیت معززینِ علاقہ کی بہت بڑی تعداد موجود تھے۔۔ جبکہ سیاسی سماجی شخصیت شیخ ظفر اقبال راولپنڈی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔نظامت کے فرائض ناظم جامعہ اشاعت الاسلام قاری محمد سلیمان نے انجام دیے۔ جماعتِ خامسہ میں محمد حذیفہ اول، عبدالجبار دوم اور عبدالمسکان سوم آئے۔ جماعت اربعہ میں نور گل اول، دوست محمد دوم اور محمد بلال سوم آئے۔ جماعت ثالثہ میں محمد شاہد اول، عبدالرحمان دوم اور خائستہ رحمان سوم رہے جبکہ جماعت ثانیہ میں روح الامین اول، محمد طاہر دوم اور ریاض الدین سوم رہے۔مہمانِ خصوصی جانشین شیخ القرآن حضرت مولانا اشرف علی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ دینی تعلیم کے حوالے سے بے مثال خدمات انجام دے رہی ہے۔
بچوں میں مقابلے کا جذبہ بیدار کرنے کے بعد ان کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے اور شاندار نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اساتذہ طلبہ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ طلبہ اسی طرح محنت کرتے رہیں تاکہ وفاق المدارس کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے اپنے مدرسے کا نام روشن کر سکیں۔ قاری انور شاکر نے کہا اساتذہ کرام کم سے کم تنخواہ میں بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرتے ہیں کیوں کہ انہیں اپنے فرائض ادا کر کے دینی سکون ملتا ہے۔ ہمارے طلبہ کے چہرے بھی روشن اور پرنور ہوتے ہیں اور ان میں کوئی بھی طالبِ علم منشیات کا عادی نہیں ہوتا جیسا کہ آج کل کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ اس وبا میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔ تقریب کے اختتام سے قبل کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ قاری انور شاکر نے ملک کی سلامتی اور ترقی مرحومین کی بخشش ، مغفرت اور بیماروں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
