مقبوضہ کشمیر: مقدس نصب العین کے لیے کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا: مختار وازہ
سرینگر(کے ایم ایس)
مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے کہا ہے کہ مقدس نصب العین کے لیے کشمیری نوجوانوں کی طرف سے دی جارہی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور شہدا ء کے مشن کو ہرقیمت پر پورا کیا جائے گا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مختار احمد وازہ نے ضلع اسلام آباد کے علاقے وائل میں شہید نوجوان سید اویس شفیع شاہ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت طاقت کا استعمال کرکے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیا ب نہیں ہوگا۔ انہو ںنے شہیدنوجوان سید اویس شفیع اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء ایک مقدس نصب العین کے لیے اپنا لہو پیش کررہے ہیں اور پوری کشمیری قوم ان کی مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کوکمزور کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ انہو ںنے کہا کشمیر ایک متنازعہ علاقے ہے اور کشمیریوں کوحق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر قتل کیا جارہا ہے۔ مختار وازہ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ عالمی ادارے کی طر ف سے کشمیر کے حوالے سے منظور کی گئی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر میں اپنی نگرانی میں استصواب رائے کرائے۔ انہوںنے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بندکرانے ، غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کو رہاکرانے، کالے قوانین کے خاتمے اور خطے میں پائیدا امن کے لیے تنازعہ کشمیر کوحل کرانے کی خاطر بھارت پر دبائو ڈالیں۔ مختار وازہ نے کہا کہ بھارتی حکمران جان بوجھ کر تنازعہ کشمیر کی تاریخی حقیقت کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں جو خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔KMS-07/S
