تاجروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے میدان میں آئے ہیں : ابدالین گروپ

حسن ابدال :تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے میدان میں آئے ہیں عرصہ دراز سے انجمن تاجراں پر قبضہ جمانے والوں سے تاجروں کو نجات دلاکر ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ تاجر برادری نے ہمارے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے جس کی وجہ سے مخالفین پر یشان ہو چکے ہیں ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجراں حسن ابدال کے انتخابات کے حوالے سے ابدالین گروپ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں کی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین میونسپل کمیٹی حسن ابدال ظہیر احمد بھٹیاں والا تھے جب کہ اس موقع پر کونسلر سرفراز علی اعوان۔ سابقہ کونسلر حاجی خضر محمود سمیت بڑی تعداد میں سیاسی اور تاجر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران تحصیل حسن ابدال کے لیے ابدالین گروپ کے نام سے ایک پینل کا اعلان کیا گیا جس میں صدر تیمور ساجد خان۔ سینئر نائب صدر راشد ابدالی۔ نائب صدر اول ساجد رضا خان۔ نائب صدر دوئم ہاشم خان۔نائں صدر سوئم اقبال خان اگروری۔جنرل سیکرٹری حاجی خضر محمود۔جوائنٹ سیکرٹری ایاز خان۔ سیکرٹری مالیات راجہ فہد نسیم رابطہ سیکرٹری شہباز علی اعوان اور سیکرٹری نشرواشاعت عبدالوہاب شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ حسن ابدال ظہیر احمد کا کہنا تھا کہ تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نوجوان قیادت کو سامنے لایا جارہا ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں تاجروں کی فلاح کے لیے کام کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر رزق حلال کے لیے کاروبار کرتے ہیں اور ان کی مشکلات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں اور ہم ان کے لیے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے۔ کونسلر سرفراز علی اعوان نے کہا کہ ہم تاجروں کے حقوق کے لیے ہر محاذ پر آواز اٹھائیں گے اور تاجر برادری کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائیگی۔ جنرل سیکٹری کے لیے نامزاد حاجی خضر محمود نے کہا کہ تاجر برادری خود کو تنہا نہ سمجھے ہما ر ا پینل کامیاب ہو چکا ہے اور ہمارے پاس واضح اکثریت موجود ہے یہی وجہ ہے کہ مخالفین گھبراہٹ کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والے انتخابات میں صدر کے لیے ہمارا امیدوار ایاز خان ہے جبکہ جنرل سیکرٹری وہاب خان کو ہم نے میدان میں اتارا ہے اور اب صرف رسمی کاروائی باقی ہے۔