وزیراعظم عمران خان سے میجر طاہر صادق اور امین اسلم کی الگ الگ ملاقات

اسلام آباد(اٹک نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ضلع اٹک سے ایم این اے میجر طاہر صادق اور مشیر وزیراعظم ملک امین اسلم کی الگ الگ ملاقات، اہم فیصلے متوقع، ذرائع، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ضلع اٹک سے حلقہ این اے55 سے تحریک انصاف کے منتخب ایم این اے میجر طاہر صادق ملاقات کی اس ملاقات میں ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے جبکہ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے مشیروزیراعظم ملک امین اسلم نے بھی ملاقات کی۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف اس وقت ضلع اٹک میں کئی گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے جس میں دو بڑے گروپ ملک امین اسلم اور میجر طاہر صادق گروپ کی سوشل میڈیا پر وار بھی جاری ہے اور دونوں کی قیادت کی طرف سے بھی مختلف موقع پر لفظی جنگ کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جاتا۔ سوشل میڈیا پر بھی دونوں گروپوں کی ٹیمیں آمنے سامنے نظر آتی ہیں۔ دونوں کے اختلافات کا سب سے بڑا نقصان حلقہ این اے56 کو ہو رہا ہے جہاں سے تحریک انصاف کی قیادت کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے اور تحریک انصاف کے لاکھوں ووٹروں کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا گیا ہے ۔ میجر طاہر صادق اور تحریک انصاف کے پھڈے میں حلقہ این اے56 کی عوام کو رگڑا لگایا جا رہا ہے اور کوئی ترقیاتی کام نہیں ہونے دیئے جا رہے بلکہ یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا کہ عوام سے انتقام لیا جا رہا ہے۔ اس ملاقات کو سیاسی حلقے بڑا بریک تھرو تصور کر رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اختلافات کی شدت کو کم کرنے کیلئے یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
