حضرو: کھلی کچہری میں عوام کے شکایات کے انبار لگا دیئے 

 باہتر:حضرو میں ڈی سی اٹک کی کھلی کچہری ،عوام نے سول ہسپتال ،کمپیوٹر سنٹر کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے ،ڈی سی اٹک عوامی مسائل حل نہ کرنے والے افسران سے مایوس ،صحت کیلئے ضلع میں کروڑوں روپے فنڈ موجود ہیں جو افسر کارکردگی نہیں دکھائے گا اس کو ضلع میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹی ایم اے حضرو میں کھلی کچہری سے خطاب کیا اس موقع پر اے سی حضرو عدنان آفریدی ،ڈی ایس پی سرکل حضرو غلام اصغر چانڈیو ،چیف آفیسر سردار آفتاب ،ایس ایچ او تھانہ حضرو حاجی محمد اعظم کے علاوہ تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔  عوام نے ڈی سی اٹک کے سامنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو میں سہولیات کی عدم فراہمی اور کمپیوٹر سنٹر میں عوام کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔جبکہ چھچھ میں غیر قانونی پٹرول پمپزکے حوالے سے بھی عوامی شکایات سامنے آئیں ڈی سی اٹک عشرت اللہ نیازی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہمیں عوام کی خدمت کیلئے ضلع اور تحصیلوں میں لگایا ہے تمام افسران عوام کے خادم بن کر ان کے مسائل حل کریں جو افسر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا اسے ضلع میںرہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔  انہوںنے کہا کہ حکومت کی طرف سے ضلع میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کروڑوں روپے رکھے گئے ہیں عوام کو ہسپتالوں سے ریلیف نہ ملنا وہاں کے افسر کا قصور ہے انہوںنے کہا کہ بطور ڈی سی میرا حق ہے کہ میں عوامی مسائل حل کروں میرے سمیت اگر کوئی افسر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا تو اسے یہاں رہنے کا کوئی حق نہیں عوام نے کنٹورنمنٹ بورڈ ،محکمہ صحت ،کمپیوٹر سنٹر کے خلاف زیادہ شکایات کیں جس پر ڈی سی اٹک نے انکوائریوں کے بھی احکامات جاری کیے ۔